نوابشاہ میں شہریوں کو کورونا ویکسی نیشن کا پابند بنانے کی ہدایت

116

نواب شاہ( نمائندہ جسارت)ڈپٹی کمشنر شہید بینظیر آباد عامر حسین پنہور کی زیر صدارت ضلع میں کورونا ویکسی نیشن کے عمل کو تیز کرنے اور حکومت سندھ کی ہدایات کے تحت ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ چیک کرنے کے عمل کو یقینی بنانے کیلیے ایک اجلاس دربارہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عامر حسین پنہور نے کہا کہ ضلع میں ہر شخص کوکورونا سے بچاؤ کی ویکسی نیشن کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں اسی مقصد کے لیے روینیو،نادرا، پولیس اور دیگر محکموں میں کام سے آنے والے ہر شخص کو ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر کوئی بھی سروس فراہم نہ کی جائے اور لوگوں کو ویکسی نیشن کا پابند بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ روینیو عملے اور یوسی سیکرٹریز سمیت محکمہ صحت کے عملے کو شامل کرکے ہر گاؤں میںکورونا ویکسی نیشن کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔ اس کے علاوہ سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے سربراہوں سے رابطہ کرکے 15 سال سے زائد عمر کے تمام طلباء و طالبات کوکورونا ویکسی نیشن کی جائے۔ عامر حسین پنہور نے محکمہ صحت اور پی پی ایچ آئی کے افسران پر زور دیا کہ کورونا ویکسی نیشن کے ٹارگٹ کو حاصل کرنے کے لیے مزید ٹیمیں تشکیل دینے کے علاوہ مزید اقدامات کیے جائیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنید حمید سموں، ریجنل ڈائریکٹر کالجز شاہدہ تاج ابڑو، ریجنل مینیجر پی پی ایچ آئی مظہر ویسر، اے ایس پی سٹی پولیس ظفر صدیق و دیگرنے شرکت کی۔