بی ایم پی کے پاس ایف پی سی سی آئی سے فرار کا راستہ تنگ ہوچکا ،ترجمان یو بی جی

257

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر)یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے مرکزی ترجمان گلزار فیروز نے کہا ہے کہ ایف پی سی سی آئی میں بی ایم پی کے دن گنے جاچکے ہیں کیونکہ اب اس کے پاس فرار کا راستہ بھی تنگ ہوچکا ہے ،ایف پی سی سی آئی میں بطور صدر 8 ماہ تک ناصر حیات مگوں کا غیر قانونی، غیر مجاز اور غیر اخلاقی قیام جلد ختم ہونے والاہے اور اب بزنس مین پینل کا ایف پی سی سی آئی کے اقتدار میں رہنا مشکل ہوگیا ہے۔گلزارفیروزنے کہا کہ بی ایم پی اور ناصر مگوں ایف پی سی سی آئی میں اپنے غیر قانونی قیام کو طول دینے کے لیے تمام تر توانائیاں ختم کرچکے ہیں،بی ایم پی اور ناصر مگوں اصل حقائق کے برعکس اپنے جھوٹ کو چھپانے کے لیے حقائق کو چھپانے کی ایک اور کوشش کررہے ہیں، یہ حیران کن ہے کہ بی ایم پی جو ڈی جی ٹی او کے ہمیشہ خلاف رہا ہے اب ڈی جی ٹی او کے ساتھ وفاداری اور طرفداری کا اظہار کررہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ریکارڈ سے ظاہر ہے کہ ناصر مگوں نے سندھ ہائی کورٹ میں ڈی جی ٹی او کے خلاف ایک دعویٰ 2021(-758) مورخہ 14-4-2021 دائر کیا تھا جس میں انھوں نے ڈی جی او ٹی پر متعصبانہ ذہن رکھنے والا،غیر منصفانہ، اختیارات کا ناجائز استعمال کے الزامات لگائے تھے۔اس درخواست میں ناصر مگون نے بیلٹ کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے لیے ڈی جی ٹی او کے مارچ 2021 کے عبوری حکم کو بھی اختیارات کا ناجائز استعمال کا الزام لگا کر چیلنج کیا تھا۔