اسلام آباد،ڈینگی کیسز بڑھنے لگے ،مزید 30 افراد متاثر ،ایک جاں بحق

51

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) اسلام آبادمیں ڈینگی تشویشناک صورتحال اختیار کرتا جارہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں مزید30 شہری ڈینگی کا شکار ہوئے ہیں جب کہ ڈینگی سے مزید ایک شخص انتقال کرگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق 30 متاثرین گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڈینگی کا شکار بنے، جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 207 ہو گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) کے مطابق ڈینگی سے انتقال کرنے والا شخص جی 12 کا رہائشی تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈینگی سے گزشتہ 10 روز میں 3 شہری انتقال کر چکے ہیں۔ ڈی ایچ او کے مطابق اسلام آباد میں گزشتہ 5 روز میں 155 شہری ڈینگی سے متاثر ہوئے ہیں۔ بخار میں مبتلا شہریوں کی بڑی تعداد ہولی فیملی، بے نظیر بھٹو اور پمز میں زیر علاج ہے۔ واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے دیہی علاقے ڈینگی سے زیادہ متاثر ہیں۔ دیہی علاقوں میں ڈینگی کے 146 اور شہری علاقوں میں 61 افراد بیمار ہوئے ہیں۔ محکمہ صحت پنجاب نے بخار کی علامات کی صورت میں کورونا کے ساتھ ڈینگی کے ٹیسٹ کرانے کی بھی ہدایات جاری کی ہیں۔ واضح رہے کہ اسلام آباد کے علاوہ لاہور سمیت صوبے کے کئی شہروں میں ڈینگی پھیلنے کی خبریں سامنے آ چکی ہیں۔