اسلام آباد: چہلم کے موقع پر سخت سیکورٹی‘ موبائل سروس بند رہی

103

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) چہلم حضرت امام حسینؓ کے جلوس کے موقع پر اسلام آباد میں سیکورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز تقریباً نصف شہر میں موبائل سروس بند رہی اور سیکٹر جی سکس کا علاقہ چاروں اطراف سے بند رکھا گیا۔ ٹریفک کے لیے متبادل نظام اپنایا، جس کی نگرانی کے لیے ایک ڈی ایس پی، 9 انسپکٹرز سمیت 200 سے زائد افسران وجوان ڈیوٹی پر رہے۔ٹریفک پلان کے مطابق چہلم کا جلوس مرکزی امام بارگاہG/6-2 سے برآمد ہو کر اپنے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا واپس امام بارگاہ جی سکس ٹو پر ہی ختم ہوا۔ جلوس کے دوران صبح 8بجے سے اختتام جلوس تک ٹریفک کے لیے متعدد مقامات پر ڈائیورشن رہی۔ کلثوم پلازہ چوک سے فضل حق روڈ چائنا چوک تک دونوں اطراف ٹریفک کے لیے بند رکھی گئی۔ شہری متبادل راستہ جناح ایونیو استعمال کرتے رہے۔ صدر روڈ اقبال ہال سے میلوڈی چوک تک ٹریفک کے لیے بند رکھا گیا اورمتبادل آبپارہ سہروردی روڈ،شہید ملت روڈ استعمال کیا گیا۔راولپنڈی جانے والے شہری مارگلہ روڈ فیصل چوک سے بائیں فیصل ایونیو استعمال کرتے رہے۔