برطانیہ: پیٹرول بحران کے تناظر میں فوج بلانے کی تجویز

265
برطانیہ: ایندھن کی ترسیل متاثر ہونے پر پمپوں نے پیٹرول اور ڈیزل نہ ہونے کے نوٹس لگا رکھے ہیں

لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) برطانوی حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی فراہمی کے لیے فوج بلانے پر غور شروع کردیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق برطانیہ میں آئل ٹینکر ڈرائیوروں کی کمی سے شروع ہونے والا پیٹرولیم مصنوعات کا بحران بڑھ رہا ہے، جس کے بعد ملک کے بیشتر پیٹرول پمپوں میں پیٹرول ختم ہو رہا ہے۔ اس تناظر میں حکومت نے بحران پر قابو پانے کے لیے فوج سے مدد لینے پر غور شروع کر دیا ہے۔ حکومت نے 5 ہزار غیر ملکی ڈرائیوروں کو بھرتی کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، تاکہ پیٹرول پمپوں تک ایندھن کی فراہمی کو جلد از جلد ممکن بنایا جا سکے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق برطانیہ میں 6 ہزار سے زائد پیٹرول اسٹیشن ہیں۔ اتوار کی رات تک دو تہائی اسٹیشنوں میں پیٹرول مکمل طور پر ختم ہو چکا تھا۔ پیٹرول ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین برائن میڈرسن کے مطابق بروقت اقدامات کیے جائیں، تب بھی تمام اسٹیشنوں کو پیٹرول اسٹاک کرنے کے لیے ایک ہفتہ درکار ہے۔ برطانیہ میں پیٹرول کی ترسیل یقینی بنانے کے لیے 10 ہزار ڈرائیوروں کی ضرورت ہے،جب کہ دستیاب ڈرائیور وں میں سے 25 فیصد غیر ملکی ہیں۔ کورونا وبا کے باعث گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران ڈرائیوروں کی بڑی تعداد آبائی علاقوں کو لوٹ چکی ہے۔ دوسری جانب فرانس کے یورپی معاملات کے وزیر کلیماں بون نے کہا ہے کہ برطانیہ میں پٹرول کی عدم دستیابی کا مسئلہ یہ واضح کرتا ہے کہ بریگزٹ ایک عقلی فراڈ تھا۔