کورونا وبا میں مسلسل کمی ،مزید 31 اموات

203

اسلام آباد/کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک /اسٹاف رپورٹر/اے پی پی)پاکستان میں کورونا سے مزید 31افراد انتقال کر گئے اور 1757 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے۔سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 48 ہزار 732 ٹیسٹ کیے گئے ۔ مثبت کیسز کی شرح 3.60 فیصد رہی جبکہ گزشتہ روز ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 3.98 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 27 ہزار 597 ہو گئی اور مجموعی کیسز 12 لاکھ 40 ہزار 425 تک جاپہنچے ہیں۔ اس کے علاوہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں 1765 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 11 لاکھ 62 ہزار 177 ہو گئی ہے جب کہ فعال کیسز کی تعداد 50651 ہے۔ وفاقی وزیربرائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے یہ تعلیمی سال انتہائی مشکل تھا‘ تمام صوبوں کی مشاورت سے مشکل فیصلے کرنے پڑے‘ فیل ہونے والے طلبہ کو بھی رعایتی 33 نمبر دے کر پاس کرنے کافیصلہ کیا گیا۔پیر کو وفاقی تعلیمی بورڈ میں انٹر میڈیٹ پارٹ ٹو کے نتائج کے اعلان کے موقع پر پوزیشن ہولڈرز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے تقریباً 4 یا 5 ماہ ہی تعلیمی ادارے کھل سکے‘ بچوں کو کورس مکمل کرنے میں مشکلات رہیں لیکن ہم نے مشکل فیصلے کیے۔ انہوں نے کہا کہ پہلا فیصلہ کیا کہ امتحان ضرور لینا ہے‘ سوشل میڈیا پر امتحانات کے حوالے سے گمراہ پروپیگنڈے کی وجہ سے طلبہ کو بہت مشکلات کا سامنا رہا، ان کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے سلیبس بھی کم کیا گیا‘ آن لائن سہولیات سب کو میسر نہیں تھیں‘30بورڈز اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مشورے کرکے فیصلے کیے۔