وزیر اعظم عمران خان کراچی پہنچ گئے

292
File Photo
File Photo

کراچی: وزیر اعظم عمران خان کراچی پہنچ گئے،  آج وہ نامکمل گرین لائن منصوبے کا افتتاح کرنے اور کراچی سرکلر ٹرین کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان ایک روز کے دورے پر کراچی پہنچ گئے ہیں، وہ اپنے دورہ کراچی میں آج کراچی سرکلر ریلوے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

خیال رہے سرکلر ریلوےمنصوبے کی لاگت کا تخمینہ 250 ارب روپے رکھا گیا ہے جبکہ منصوبہ دو برس میں مکمل ہوگا اور یکطرفہ کرایہ 50 روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے اور کراچی سرکلر کا ٹریک 29 کلومیٹر طویل ہوگا جس کے 16اسٹیشن ہوں گے۔

وزیراعظم عمران خان کے دورہ کراچی میں وفاق کے کراچی میں ہونے والے جاری منصوبوں کا جائزہ لینے کیلیے گورنر ہاؤس میں اجلاس میں شریک ہونگے اور کراچی کے پہلے جدید بس منصوبے گرین لائن بس کا افتتاح بھی کریں گے۔

ریلوے حکام کے مطابق کراچی میں جدید سرکلر ریلوے بجلی سے چلنے والی تیز ٹرین ہوگی، یہ منصوبہ250 ارب روپے کی کثیر لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔

منصوبے کے پہلے مرحلے میں انفراسٹرکچر مکمل کیا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلے میں آپریشنز بحال کیے جائیں گے، اس عظیم منصوبے کو تین سال کی مدت میں مکمل کیا جائے گا۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان گورنر ہاؤس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے، اجلاس میں گورنرسندھ عمران اسماعیل،وفاقی وزرا اسدعمر،علی حیدرزیدی، امین الحق اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل سمیت قومی وصوبائی اسمبلی کے ارکان شریک ہوں گے۔

اجلاس میں وزیر اعظم کو وفاق کے منصوبوں کے حوالے بریفنگ دی جائے گی جبکہ کراچی کے حوالے سے بزنس کمیونٹی سمیت مختلف شخصیات کی ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔