سیاہ فاموں پر تشدد کیلئے امریکی پولیس کتوں کو استعمال کرنے لگی

256

امریکی ریاست میسوری میں ایف بی آئی نے ایک سیاہ فام شخص کی گرفتاری پر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے.

امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی کے مطابق گرفتاری کے دوران سیل فون ویڈیو میں تین سفید فام افسران نے ملزم کو اپنے کتے سے بار بار کٹوایا۔

ووڈسن ٹیرس پولیس چیف رینڈی ہالسٹڈ نے سینٹ لوئس پوسٹ ڈسپیچ کو ایک ای میل میں کہا کہ ان کا محکمہ ایف بی آئی سینٹ لوئس کاؤنٹی پراسیکیوٹر آفس کی جانب سے اس حوالے سے کی جانے والی تحقیقات میں مکمل تعاون کر رہا ہے۔

وفاقی حکام اور سینٹ لوئس کاؤنٹی پراسیکیوٹر ویسلے بیل نے اخبار کے ساتھ اپنی تحقیقات پر کچھ بھی روشنی ڈالنے سے انکار کر دیا ہے۔

پاس میں ہی موجود ایک شخص نے اپنے سیل فون پر ویڈیو بنائی جس میں دکھایا گیا ہے کہ کتا اس آدمی کے پاؤں کو کاٹ رہا ہے اور وہ درد سے چیخ رہا ہے۔ کتے کا ٹرینر کچھ دیر بعد اسے پکڑتا ہے لیکن کاٹنے کا سلسلہ تقریبا 30 سیکنڈ تک جاری رہتا ہے۔

مظاہرین ووڈسن ٹیرس پولیس ڈیپارٹمنٹ کے باہر جمع ہوئے اور تینوں افسران کو ملازمت سے فارغ اور ان پر مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا۔