شاہ لطیف یونیورسٹی نے سیکڑوں طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگا دیا

159

سکھر (نمائندہ جسارت) شاہ لطیف یونیورسٹی کی انتظامیہ کی بے حسی اور نااہلی نے سیکڑوں طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگا دیا، پنو عاقل، لاڑکانہ و دیگر شہروں کے سیکڑوں امیدواروں کو امتحانی سلپز جاری نہ ہوسکیں، پنوعاقل میں امیدواروں کا احتجاج، شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے زیر انتظام سکھر سمیت اندرون سندھ کے مختلف شہروں کے کالجز میں بی اے اور بی ایس سی کے سالانہ امتحانات جاری ہیں مگر ان امتحانات میں یونیورسٹی انتظامیہ کی نااہلی اور بے حسی نے سیکڑوں کی تعداد میں طلبہ و طالبات کا مستقبل داؤ پر لگا دیا ہے۔ امتحانات مقرر کردہ سینٹرز میں جاری ہیں لیکن تاحال پنوعاقل ،لاڑکانہ و دیگر شہروں کے طلبہ کو امتحان دینے کے لیے سلپز جاری نہیں کی گئی ہیں جس کی وجہ سے طلبہ و طالبات کا سال ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔ پنوعاقل میں طلبہ نے یونیورسٹی انتظامیہ کی اس بے حسی اور نااہلی کیخلاف کالج کے احاطے میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی۔ اس موقع پر طلبہ کا کہنا تھا کہ بی اے، بی ایس سی اور بی کام کا امتحان دینے کے لیے ہم نے رقم جمع کر کے فیسیں جمع کرائی تھیں، امتحانات شروع ہوچکے ہیں مگر اسوقت تک ہمیں سلپز جاری نہیں کی گئی ہیں جس کی وجہ سے ہم امتحان میں نہیں بیٹھ پارہے ہیں۔ طلبہ نے یونیورسٹی انتظامیہ سے ہفتے تک امتحانات روکنے اور جلد از جلد سلپز جاری کرکے ان کا سال ضائع ہونے سے بچانے کا مطالبہ کیا ہے۔