ناتجربہ کار حکمرانوں کو جمہوری روایات کا علم نہیں،جاوید قصوری

184

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ تاریخ کے بد ترین اور نا اہل افراد قوم پر مسلط ہوگئے ہیں۔ جنہیں جمہوری روایات کا علم نہیں۔ ناتجربہ کار افراد نے ملک کا ستیاناس کرکے رکھ دیا ہے۔ وزیر اعظم دنیا کے سامنے امریکی بے وفائی کا رونا رونے کی بجائے جراتمندانہ موقف اختیار کریں۔ پاکستان آزاد خود مختار ریاست ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور اور گوجرانوالہ میں مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کہتے ہیں کہ ’’دنیا عمران خان سے رہنمائی لے کر درست پالیسیاں بنائے۔‘‘ مضحکہ خیز بیان ہے۔ ملک میں مہنگائی کیسے کرتے ہیں،عالمی دنیا سے بھیک مانگنے کے طریقے، وعدوں سے انحراف او ر قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے کیسے لگایا جاتا ہے۔ کیا عالمی برادری یہ سب سیکھے؟ کتنے شرم کی بات ہے کہ ایسے لوگ حکومت میں آگئے ہیں جنہوں نے ہمیشہ چہرے اور پارٹیاں بد ل کر قوم کو بے وقوف بنایا اور بنارہے ہیں۔ تبدیلی کے نام پر عوام کو مایوسی کے اندھیروں میں دھکیل دیا گیا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے کہا کہ حکمرانوں کی کارکردگی اور سنجیدگی کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ کرونا ویکسی نیشن کے جعلی سرٹیفکیٹ بنانے کا دھندہ بھی عروج پکڑ رہا ہے۔ لوگوں سے ہزاروں روپے لے کر ویکسی نیشن کے جعلی سر ٹیفکیٹ بنائے جارہے ہیں اور اس گھناؤنے کاروبار میں انتظامیہ بھی شامل ہے۔ چیک اینڈ بیلنس کا سارا نظام پوری طرح تباہ و بربادہوچکا ہے، کوئی پوچھنے ولا نہیں۔گیس کی قیمتوں میں اضافے کی خبریں میڈیا میں آرہی ہیں۔ حکمرانوں نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔