وفاق خود کوئی منصوبہ نہ بناسکا ہمارے کام پر تختیاں لگارہا ہے،ن لیگ

448

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف اور نائب صدر مریم نواز کے ترجمان سابق گورنر سندھ محمد زبیرکا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت خود کوئی منصوبہ نہیں بنا سکی بلکہ وہ پنجاب کی طرح کراچی میں بھی ہمارے منصوبوں پر تختی لگا رہی ہے‘ گرین لائن پروجیکٹ ہمارا منصوبہ ہے‘ پی ٹی آئی والوں کو شرم نہیں آتی‘3 سال میں40 بسیں لانے والے کام کرنے کے بجائے صرف واویلا کر رہے ہیں‘ ن لیگ نے گرین لائن لیاری ایکسپریس وے کے فور ایل این جی ٹرمینل سمیت تمام بڑے پروجیکٹ دیے ہیں‘ توشہ خانہ سے گھر چلانے والا عمران خان ملکی تاریخ کا کرپٹ ترین وزیراعظم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو مسلم لیگ ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ محمد زیبر نے کہا کہ کراچی میں روز لاشیں ملتی تھیں‘یہ ن لیگ کا ہی کام ہے کہ کراچی میں امن قائم ہوا اور یہاں ہم نے بڑے بڑے منصوبے شروع کیے‘ کراچی واحد شہر تھا جہاں ہماری حکومت نے وفاقی فنڈز سے بجلی و ٹرانسپورٹ کے منصوبے مکمل کیے‘ ہم کراچی گرین لائن بس پر 80 فیصد کام مکمل کرچکے تھے‘ وفاقی حکومت نے 3 سال میں صرف 40 بسیں منگوائی ہیں‘ کے سی آر سی پیک میں شامل تھا‘ ہماری حکومت نے کراچی کو این ایف سی کے علاوہ بھی حصہ دیا‘ پورٹ قاسم میں بجلی کے 2 منصوبے ن لیگ نے مکمل کیے‘ ملک میں 2 ایل این جی ٹرمینلز کام کر رہے ہیں‘ ہمیں زبردستی ہٹایا نہ جاتا تو کراچی کے لیے بہت زیادہ بسیں آتیں‘ حکومت نوازشریف کا شکریہ ادا کرے جنہوں نے یہ منصوبہ شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ سال ہو گیا عمران خان نے کراچی کے لیے 11 سو ارب روپے کا اعلان کیا تھاجس کا تاحال کچھ پتہ نہیں ہے ‘ حکومت کے 350 بلین ڈالر کے اعلان کردہ پروجیکٹ کہاں ہیں۔