سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی معاون نوشین وسیم کے اعزازمیں تقریب

272

سعودی دارالحکومت ریاض میں وی آئی پی ایونٹس کی جانب سے سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی معاون خصوصی اور ایونٹ مینجمنٹ کنسلٹنٹ نوشین وسیم کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وی آئی پی ایونٹس کے سی ای او عمیر شیخ، عادل شیخ سمیت دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ عابد شمعون چاند نے نمائندہ جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نوشین وسیم کا کہنا تھا کہ میری ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ پاکستانی کمیونٹی کے لیے دیار غیر میں انٹرٹینمنٹ پروگراموں کا انعقاد ہوتا رہے تاکہ وطن سے دُوری کا احساس کم ہو سکے۔ سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی ایک گلدستے کے مانند ہے۔ حال ہی میں یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے جدہ میں ہونے والا پروگرام ’’پاکستان نائٹ‘‘ انتہائی کامیاب رہا، جس میں پاکستان کی ثقافت کے تمام رنگ موجود تھے۔ اس ایونٹ میں پاکستانی کمیونٹی نے بھر پور شرکت کرکے نہ صرف پروگرام کو کامیاب بنایا بلکہ دونوں ممالک کے ساتھ محبت کا والہانہ اظہار بھی کیا جو قابل تحسین تھا۔ نوشین وسیم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے وزیر ترکی الشیخ کی کوششوں کو سراہا جو سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی سمیت دیگر ممالک کے لیے انٹرٹینمنٹ پروگراموں کے انعقاد پر اجازت دینے کے ساتھ بھر پور طریقے سے حوصلہ افزائی بھی کرتے ہیں۔ وی آئی پی ایونٹس کے سی ای او عمیر شیخ نے کہا کہ نوشین وسیم کا سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کے لیے انٹرٹینمنٹ پروگراموں کا انعقاد انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس پر ہم ان کی بے لوث خدمات کو سراہتے ہیں۔عادل شیخ کا کہنا تھا کہ نوشین وسیم کی پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایونٹس کا اہتمام کرنا پاکستانی کمیونٹی کے لیے باعث اعزاز ہے۔تقریب میں سویرا عادل، امانہ ، فرح زاہد، عدنان وحید ، عادل محمود، عثمان خان سمیت پاک یونائیٹڈ میڈیا فورم کے مرکزی چیئرمین عابد شمعون چاند اور مرکزی صدر وسیم خان نے شرکت کی۔