رابطہ ٹرسٹ کے کوآرڈینیٹر آفتاب حسین کے اعزاز میں الوداعیہ

503

جدہ میں پاکستان ریپیٹریشن کونسل (پی آرسی ) نے رابطہ عالم اسلامی (مسلم ورلڈ لیگ) مکہ مکرمہ کے تحت رابطہ ٹرسٹ کے کوآرڈینیٹر آفتاب الطاف حسین کے اعزاز میں مقامی ہوٹل میں ان کی وطن واپسی پرپی آرسی کے کنونیئر انجینئر سید احسان الحق کی زیر صدارت الوداعی تقریب کا اہتمام کیا، جس میں شرکا نے ان کی پی آر سی اور محصورین کے لیے کی جانے والی خدمات کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔ آفتاب حسین نے تقریباً 25 برس سے زائد عرصہ رابطہ ٹرسٹ کے جنرل سیکرٹری انجینئر وائل حمزہ کی سرپرستی میں رابطہ ٹرسٹ اور پی آر سی کے درمیان پل کا کردار ادا کیا۔ ان کی خصوصی معاونت سے محصورین کاز کو مسلم ورلڈ لیگ تک پہنچانے میں مدد ملتی رہی۔ پاکستان رائٹرز فورم کے چیئرمین انجینئرسید نیازاحمد نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پی آر سی آپ کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ آپ نے محصورین کی خدمت ایک خاص جذبے اور لگن سے کی ہے جس پر پی آرسی کو فخر ہے۔ انجینئر خالد جاوید نے کہا کہ جوکام آفتاب حسین نے انجام دیا وہ کام حکومتیں نہ کر سکیں۔ انہوں نے اپنی زندگی کا بیشتر وقت محصورین کاز کے لیے صرف کیا۔ سماجی رہنما الطاف ملک نے آفتاب حسین کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ پی آرسی کے ساتھ بھر پور تعاون کیا ۔ ہم سب ان کے لیے دعا گو ہیں اور ان کی وطن واپسی پر نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔ معروف سماجی کارکن غازی خان نے کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں اور ہمیں ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک رہنا چاہیے۔ پی آر سی کے سینئر رکن الطاف ملک نے آفتاب حسین کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بنگلادیش میں محصور پاکستانیوں کے لیے بھرپور خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں۔ پی آرسی کے ڈپٹی کنونیئر حامد اسلام خان نے کنیڈا سے اپنے پیغام میں کہا کہ آفتاب بھائی کا پی آر سی سے تعلق اورمحصورین کے لیے جذبہ کسی سے چھپا ہوا نہیں۔
مہمان خصوصی آفتاب الطاف حسین نے پی آرسی کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ وائل صاحب سے ملاقات کے بعد میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ مجھے ہمارے محصورین بھائیوں کی خدمت اور بھلائی کے امور کے ساتھ اس وقت تک منسلک اور کوشاں رہنا چاہیے جب تک کہ اللہ تعالیٰ کامیابی عطا نہیں فرماتا۔ لہٰذا پی آرسی کے لیے اپنی محدود صلاحیتوں اورعلم کے ساتھ حاضر ہوں۔ آخر میں کنونیئر احسان الحق نے شرکا خاص طور سے مہمان خصوصی آفتاب الطاف حسین کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں الطاف ملک نے تلاوت کلام پاک سے پروگرام کا آغاز کیا۔ ہدیہ نعت انجینئر خالد جاوید نے پیش کیا جب کہ نظامت کے فرائض جنرل سیکرٹری سید مسرت خلیل نے انجام دیے۔