کالم نگار مبشر انوار کے اعزاز میں عشائیہ

246

سعودی عرب میں معروف کالم نگار اور سماجی خاتون تسنیم امجد کی جانب سے کالم نگار مبشر انوار کی کامیاب سرجری کے بعد وطن سے واپس آنے پر ان کے اعزاز میں ریاض کے مقامی ہوٹل میں عشایئے کا اہتمام کیا گیا۔ ریاض سے صحافی عابد شمعون چاند کے مطابق تقریب میں صحافیوں سمیت کمیونٹی کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن سے کیا گیا جس کی سعادت سماجی شخصیت ارشد تبسم کو حاصل ہوئی جبکہ نعت رسول مقبول راقم الحروف نے پیش کی۔ نظامت کے فرائض امتیازاحمد نے خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دیتے ہوئے معززمہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفارتخانہ پاکستان ریاض کے ویلفیئراتاشی نوید افضال نے کہا کہ مبشرانواراپنے کالموں کے ذریعے نہ صرف پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں بلکہ اپنے قلم کے ذریعے اپنی دھرتی کی زبان کو زندہ رکھتے ہوئے دیارغیرمیں پاکستانی کیمونٹی کی ترجمانی کا حقیقی حق ادا کررہے ہیں۔ کمیونٹی کے لیے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔
تقریب کی میزبان تسنیم امجد نے کہا کہ مبشر انوار جیسے لکھاری اپنے قلم سے پاک سعودی دوستی کو مستحکم کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ اچھا کالم نگار ہی ریاست کی حقیقی تصویر کو عوام کے سامنے لاتا ہے۔ سعودی عرب کی معروف سماجی اور کاروباری شخصیت ناصر حبیب نے کہا کہ مبشر انوار انتہائی مخلص اور انسان دوست ہیں۔ ان کے کالموں میں معاشرے کی اصلی حقیقت عیاں ہوتی ہے۔تقریب کے مہمان مبشر انوار نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کالم نگار معاشرے کا غیر جانبدار اور دور اندیش طبقہ ہوتا ہے جو اپنی سوچ وفکر سے مثبت و تعمیری راہوں کو ہموار کرتا ہے۔ان شا اللہ کمیونٹی کی خدمت فرض سمجھ کر ہمیشہ کرتا رہوں گا۔
تقریب سے ارشد تبسم، ندیم ملک، سلیم مسعود، وسیم خان، شبریز اختر، کامران ملک، ناظم علی عطاری، عبداللہ ملک، خرم خان، بابر ملک، عروج اصغر اور دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے مبشر انوار کو خراج تحسین پیش کیا اور شاندار عشائیہ تقریب منعقد کرنے پر تسنیم امجد کی کاوشوں کوخراج تحسین پیش کیا۔