نیویارک ‘جنرل اسمبلی سے مودی کا خطاب ‘ کشمیریوں کا مظاہرہ

316
نیویارک: صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری بھارت کیخلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کررہے ہیں

نیویارک/ اسلام آباد (صباح نیوز) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خطاب کے موقع پر نیویارک میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری کی قیادت میں ہزاروں کشمیریوں اور پاکستانیوں نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے بھارت اور نریندر مودی کے خلاف زبردست نعرہ بازی کرتے ہوئے گو مودی گو‘ مودی دہشت گرد‘ اقوم متحدہ کشمیریوں کوحق خودارادیت دو‘ ہم کیا چاہتے آزادی کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ انٹرنیشنل کمیونٹی مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم بند کرانے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ علاوہ ازیں آزاد کشمیر کے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اپنے حل کی جانب بڑھ رہا ہے‘ کشمیری عوام کی آزادی کا سورج طلوع ہوچکا ہے ‘عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا فوری نوٹس لے‘ آزاد کشمیر میں اصلاحات کے لیے اقدامات شروع کردیے ہیں جن کے ثمرات آنے والے دنوں میں عوام تک پہنچنا شروع ہوجائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف عوامی وفود سے جموں کشمیر ہائوس اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔