اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 5 فلسطینی شہید متعدد زخمی

238

غزہ(مانیٹرنگ ڈیسک) قابض اسرائیلی فوج نے اندھا دھند فائرنگ کرکے 5 فلسطینی نوجوانوں کو شہید اورمتعدد کو زخمی کردیا۔کئی نوجوانوں کو غیر قانونی طور پر حراست میں بھی لے لیا گیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں ایک گاؤں پر چھاپہ مار کارروائی کی جس کے دوران فائرنگ کرکے احمد زہران، محمد حمیدان اور زکریا بدوان نامی نوجوانوں کو شہید کردیا۔اسی طرح جنوب مغربی گاؤں برقن میں بھی ایک گھر پر چھاپہ مار کر نوجوان کو حراست میں لینے کے بعد ماورائے عدالت قتل کردیا۔ شہید ہونے والے نوجوان کی شناخت 22 سالہ اسامہ کے نام سے ہوئی ہے۔ اسی علاقے میں ایک اور فلسطینی نوجوان کے شہید ہونے کی بھی اطلاع ہے۔عرب میڈیا کے مطابق نوجوانوں کی شہادت پر سیکڑوں فلسطینی احتجاجا سڑکوں پر نکل آئے اور مشتعل مظاہرین نے صہیونی فوجیوں پر جوابی پتھراؤ کیا جس کے نتیجے میں 2صہیونی فوجی بھی زخمی ہوئے۔واضح رہے کہ مغربی کنارے کے کئی گاؤں میں اس وقت اسرائیلی جارحیت عروج پر ہے۔ قابض فورس کے اہلکار رات گئے گھروں پر چھاپہ مار کر نوجوانوں کو حراست میں لے لیتے ہیں جن میں سے اکثر کی گولیاں لگی تشدد زدہ لاشیں ملتی ہیں۔