صومالیہ : صدارتی محل پر خودکش حملہ ، 8 افراد ہلاک

360
موغادیشو: خودکش حملے کے مقام پر تباہی پھیلی ہوئی ہے‘ امدادی کارکن لاشیں اسپتال منتقل کررہے ہیں

موغا دیشو (انٹرنیشنل ڈیسک) صومالیہ کے دارالحکومت میں خودکش ایک بمبار نے بارود سے بھری کار صدارتی محل کی چیک پوسٹ سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے۔ بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں صدارتی محل کے قریب چیک پوسٹ پر زور دار دھماکا ہوا۔ یہ دھماکا اتنا شدید تھا کہ آس پاس موجود گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔دھماکے میں 8 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں 3 زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ طاہر کیا جا رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا ایک خود کش کار بمبار نے کیا، جس نے صدارتی محل میں داخل ہونے میں ناکامی پر کار چیک پوسٹ سے ٹکرادی۔ مقامی عسکریت پسند الشباب تنظیم نے خود کش دھماکے کی ذمے داری قبول کی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے وقت صدارتی محل میں صدر اور وزیراعظم موجود تھے جو خیریت سے ہیں۔واضح رہے کہ صومالیہ کے اکثر علاقوں میں الشباب کی عمل داری ہے، تاہم دارالحکومت اب تک فوج کے کنٹرول میں ہے، جہاں الشباب کے جنگجو کارروائیاں کرتے رہتے ہیں۔