النہضہ کے 113رہنما اور ارکان مستعفی ہوگئے‘ تیونسی ریڈیو

382
تیونس: صدر قیس سعید کے حامی ملکی دستور کو آگ لگا رہے ہیں

تیونس سٹی (انٹرنیشنل ڈیسک) تیونس میں تحریک النہضہ میں اجتماعی استعفے سامنے آگئے۔ یہ بات ہفتے کے روز العربیہ اور الحدث نیوز چینلوں کے ذرائع نے بتائی۔اس حالے سے تیونس کے ریڈیو چینل موزائک ایف ایم نے بتایا ہے کہ النہضہ پارٹی کے 113 رہنماؤں اور ارکان نے اپنے استعفے پیش کیے ہیں۔ اس اقدام کی وجہ پارٹی کے اندر اصلاحات میں ناکام ہونا ہے۔ریڈیو نے مستعفی ارکان کے حوالے سے بتایا ہے کہ اجتماعی استعفوں کی براہ راست وجہ ان افراد کا پارٹی کے اندر اصلاحات میں ناکام رہنے کا اعتراف اور اس بات کا اقرار ہے کہ موجودہ قیادت قومی دھارے میں پارٹی کے تنہا رہ جانے کی مکمل ذمے دار ہے۔دوسری جانب النہضہ کے مستعفی رہنما سمیر دیلو کا کہنا ہے کہ پارٹی الگ تھلگ ہو گئی ہے۔ ہمارے استعفے حتمی ہیں اور دیگر استعفوں کا انتظار ہے۔اس سے قبل گزشتہ رات النہضہ پارٹی کی مجلس شوریٰ کا 53 واں اجلاس منعقد ہوا تھا۔ دور سے منعقد ہونے والے اس اجلاس میں النہضہ کے سربراہ راشد الغنوشی نے بھی شرکت کی۔واضح رہے کہ ہفتے کے روز تیونس کے عوام صدر قیس سعید کی جانب سے حکومتی تشکیل اور وزیر اعظم کے نام کے اعلان کے منتظر ہیں۔سابقہ حکومت میں وزیر داخلہ کا منصب رکھنے والے توفیق شرف الدین وزارت عظمی کے لیے اہم ترین امیدوار ہوں گے۔