ترکی میں 6 فلسطینیوں کی گمشدگی پر تحقیقات کا آغاز

273

فلسطینی وزارت خارجہ اس ماہ ترکی میں لاپتہ ہونے والے 6 فلسطینی شہریوں کی گمنامی کی تحقیقات کررہی ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق انقرہ میں فلسطینی سفارت خانے نے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک ہنگامی ٹیم تشکیل دی ہے۔ استنبول میں قونصل خانہ بھی اس تحقیقات میں تعاون کررہا ہے۔ دونوں ادارے ترک حکام کے ساتھ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے سرگرم ہیں۔

وزارت نے کہا ہے کہ چھ میں سے چار استنبول میں ، ایک قونیہ میں اور چھٹا ترکی-یونان سرحد پر لاپتہ ہوا تھا۔ کوئی بھی شخص جس کے پاس لاپتہ افراد کے بارے میں کوئی معلومات ہو اس سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ فلسطینی سفارت خانے یا قونصل خانے سے رابطہ کرے۔

واضح رہے کہ دس سے بارہ ہزار کے درمیان فلسطینی استنبول میں مقیم ہیں جو فلسطینی پاسپورٹ اور دیگر سفری دستاویزات رکھتے ہیں۔ ترکی میں فلسطینیوں کی کل تعداد کا تخمینہ بیس سے بائیس ہزار کے درمیان لگایا گیا ہے.