مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، کالعدم تنظیم کا کمانڈر ہلاک: آئی ایس پی آر

280

راولپنڈی: پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں آپریشن کیا ہے جس میں کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر ممتاز عرف پہلوان کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں جبکہ علاقے میں کارروائی کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں فورسز نے کارروائی کی ہے، سیکیورٹی فورسز کےآپریشن کے دوران 3 گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں کالعدم تنظیم کا صوبائی امیر (کمانڈر) ہلاک ہو گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر مستونگ کے مطابق مستونگ کے علاقے کلی محراب میں کی گئی سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کا کمانڈر مارا گیا ہے ،  ہلاک ملزم فورسز کے اہلکاروں اور شہریوں پر حملوں میں ملوث تھا۔

آئی ایس ہی آر کے مطابق دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحے کی بھاری مقدار برآمد ہوئی ہے، دہشتگرد کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا گیا ہے جو خاصا متحرک اور تنظیم کا مقامی امیر تھا اور اس کے خلاف قتل کے درجنوں مقدمات درج ہیں، حکومت نے ممتاز کے سر کی قیمت 50 لاکھ مقررکر رکھی تھی۔

خیال رہے  سیکیورٹی فورسز کے مطابق  ممتاز عرف پہلوان درینگڑھ دھماکے میں 120 افراد کو ہلاک کرنے اور مچھ میں 10 ہزارہ کانکنوں کو قتل کرنے سمیت دہشتگردی کے درجنوں واقعات میں ملوث تھا۔