قومی ٹی ٹوئنٹی کپ ، خیبر پختونوا کی 7 وکٹوں سے فتح

352
راولپنڈی :قومی ٹی ٹوئنٹی کپ، خیبر پختونخوا ٹیم کے بلے باز سدرن پنجاب کے خلاف شاٹ کھیلتے ہوئے

راولپنڈی (سید وزیر علی قادری) پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں قومی ٹی ٹوئنٹی کے پہلے مرحلے کے 5ویں میچ میں خیبرپختونخوا نے اے ٹی ایف سدرن پنجاب کو بآسانی سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ دفاعی چمپئن کی یہ ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری کامیابی ہے۔ میچ میں 4 وکٹیں حاصل کرنے پر عمران خان سینئر کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ فاتح ٹیم نے 153 رنز کا ہدف انیسویں اوور کی چوتھی گیند پر حاصل کرلیا۔ کپتان محمد رضوان اور صاحبزادہ فرحان کی شاندار بیٹنگ نے خیبرپختونخوا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔دونوں بیٹرز نے دوسری وکٹ کے لیے 136 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی۔ صاحبزادہ فرحان 49 گیندوں پر 73 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ کپتان محمد رضوان نے 47 گیندوں پر 64 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 6 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ افتخار احمد اور عادل امین چھ، چھ رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔خیبرپختونخوا کے آؤٹ ہونے والے پہلے بیٹر اوپنر فخر زمان تھے۔ وہ ایک کے انفرادی اسکور پر نسیم شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے تھے۔ اس سے قبل خیبرپختونخوا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو سدرن پنجاب کی پوری ٹیم 19.4 اوورز میں 152 رنز پر ڈھیر ہوگئی خیبر پختونخوا کے فاسٹ بولرز نے میچ کے آغاز سے ہی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ عمران رندھاوا کے علاوہ سدرن پنجاب کا کوئی بھی بیٹر عمران خان سینئر، شاہین شاہ آفریدی ، ارشد اقبال اور محمد وسیم جونیئر پر مشتمل مضبوط بولنگ اٹیک کے سامنے زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری۔ عمران رندھاوا 46 گیندوں پر 7 چوکوں اور ایک چھکے کی بدولت 54 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ حسان خان 25 اور خوشدل شاہ 24 نز بنا کر آؤٹ ہوئے۔اس دوران زین عباس 12، ذیشان اشرف 11، صہیب مقصود صفر، اعظم خان 14، عامر یامین 2، محمد الیاس 1 اور نسیم شاہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ خیبرپختونخوا کے عمران خان سینئر نے 28 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ شاہین شاہ آفریدی نے 3 جبکہ محمد وسیم جونیئر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔