خیبرپختونخوا نیشنل ہاکی لیگ 4 اکتوبر سے شروع ہوگی ،ڈی جی اسپورٹس

344

پشاور(جسارت نیوز)ڈائریکٹریٹ آف اسپورٹس خیبرپختونخوا کے زیراہتمام خیبرپختونخواہ میں ہاکی کے فروغ کیلیے شروع کی جانیوالی پہلی مرتبہ کے پی نیشنل ہاکی لیگ 30 ستمبر کے بجائے اب 4 اکتوبر کو شروع ہوگی جو کہ صوبے کے مختلف آسٹرو ٹرف پر کھیلی جائیگی آٹھ مختلف ٹیمیں ان میں حصہ لینگی جن میں قبائلی علاقو ں سے تعلق رکھنے والی ٹیم بھی حصہ لینگی جنہیں مختلف فرنچائز نے خرید لیا ۔ لیگ کی مقابلوں کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس ڈائریکٹریٹ اسفندیار خٹک کا کہنا ہے کہ فرنچائز کے مالکان اپنی ٹیموں کی مزید پریکٹس چاہتے ہیں تاکہ ان کے کھلاڑی مزید کھیل سکیں اور ان کے کھیل میں بہتری آئے اسی وجہ سے اب یہ لیگ 30 ستمبر کے بجائے 4 اکتوبر سے شروع ہوگی جو کہ 14 اکتوبر تک جاری رہے گی انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ حکومت کی یہ پہلی کاوش ہے جس کا رسپانس بہت اچھا ہے اور اسے مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ لیگ کے تحت میچز صوبے کے مختلف آسٹرو ٹرف پر کھیلے جائیں گے جن میں ڈی آئی خان ، بنوں ، کوہاٹ ، پشاور ، چارسدہ اور مردان شامل ہیں۔ کھلاڑیوں کو ٹرانسپورٹ ، خوراک ، رہائش، کٹس سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ جیتنے والی ٹیموں کو نقد انعامات کے علاوہ ٹرافی سیٹس دیے جائیں گے۔