ماتلی کے شہریوں کو فراہمی آب میں شدید تنگی کا سامنا

201

ماتلی (نمائندہ جسارت) ماتلی کے شہریوں کو فراہمی آب میں شدید تنگی کا سامنا، شہری ضروری استعمال کے پانی کی بوند بوند کو ترس گئے، شہریوں کا شدید غم وغصہ کا اظہار۔ ماتلی شہر میں بجلی کا تعطل روزمرہ کا معمول ہے اور بارش ہونے پر گھنٹوں بجلی کا نہ ہونا اہل شہر کے لیے کوئی اچنبے کی بات نہیں مگر میونسپل کمیٹی ماتلی کے شعبہ ترسیل آب کے اہلکار بجلی بند ہونے کے بہانے لمبی تان کر سوتے ہیں اور شہری پانی کی قلت سے سخت پریشانی برداشت کرتے ہیں، جبکہ ماتلی شہر کی نئی واٹر سپلائی اسکیم کے تحت میونسپل انتظامیہ کو واٹر سپلائی تالابوں پر حکومت نے 3 سو کے وی کا ہیوی ڈیزل جنریٹر نصب کرکے دیا ہوا ہے کہ حیسکو کی بجلی کی عدم موجودگی میں اس جنریٹر سے واٹر سپلائی کی موٹریں چلا کر شہر کو پانی کے تعطل سے بچایا جائے مگر نا معلوم وجوہات سے اس جنریٹر کو ایک بار بھی نہیں چلایا گیا اور شہری پانی کی شدید قلت کا شکار ہی ہوتے رہتے ہیں، شہری حلقوں نے اس خدشے کااظہار کیا ہے کہ میونسپل کمیٹی ماتلی کے کرتا دھرتا اس واٹر سپلائی جنریٹر کو چلائے بغیر اسکی مد میں ڈیزل کے اخراجات کا بل بنا کر رقم ڈکار نہ جاتے ہوں۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیر بلدیات سندھ کے علم میں یہ حقائق لاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ میونسپل کمیٹی ماتلی کے اخراجات کا ایماندارانہ آڈٹ کرایا جائے اور میونسپل حکام کو پابند کیا جائے کہ شہر میں پانی جیسی اہم ضرورت کی قلت پیدا کرنے کے بجائے بجلی کی عدم موجودگی میں ہیوی جنریٹر چلا کر پانی کی فراہمی کا تسلسل برقرار رکھا جائے، بصورت دیگر شہری اپنے سخت رد عمل کا اظہار کریں گے۔