آباد کے انتخابات ‘محسن شیخانی پانچویںمرتبہ چیئرمین منتخب

146

کراچی (نمائندہ جسارت) ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے سالانہ انتخابات‘ سیشن -22 2021 کیے محسن شیخانی پانچویں مرتبہ چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں جبکہ محمد حنیف میمن اورالطاف کانٹا والا باالترتیب سینئر وائس چیئرمین اوروائس چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں۔ صفیان آڈھیا سدرن ریجن‘ انجینئر اکبر شیخ ناردرن ریجن کے چیئرمین جبکہ قمر زمان میمن سب ریجن حیدرآباد کے وائس چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آباد ہاؤس میں آباد کی جنرل باڈی کا اجلاس ہوا جس میں سال 2021-22 کے لیے تمام اراکین نے متفقہ طور پر آباد کے نئے عہدیداران کا انتخاب کیا۔ اس موقع پر نومنتخب چیئرمین محسن شیخانی نے تمام ممبران سے تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے تمام بلڈرز اور ڈیولپرز اور آباد کے ارکان کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے بلا تفریق تمام ارکان کی فلا ح و بہبود اور تعمیراتی صنعت کے فروغ کے لیے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ آباد کے ممبران کا اتحادہی ان کی طاقت ہے۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ آباد الیکشن میں ممبران نے جس اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے وہ ہمیشہ برقرار رہے گا۔ انھوں نے آباد کے ممبران کی فلاح و بہبود اور تعمیراتی شعبے کی ترقی اور ملکی معیشت کے فروغ میں شاندار خدمات پرآباد کے سبکدوش ہونے والے چیئرمین فیاض الیاس اور ان کی ٹیم کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی تعمیراتی صنعت کے فروغ کے لیے اپنا کردار اداکرتے رہیں گے۔ سبکدوش ہونے والے چیئرمین فیاض الیاس نے تمام نومنتخب عہدیدران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ محسن شیخانی کی آباد کے لیے گراں قدر خدمات ہیں،انھوں نے ہمیشہ آباد کے عہدیداران کی سرپرستی کی اور مشکل سے مشکل مسئلے کو بھی حل کیا۔انھوں نے امیدظاہر کی کہ محسن شیخانی آباد ممبران کی فلاح و بہبود،ممبران کے مسائل حل کرنے،تعمیراتی صنعت کے فروغ اور ملکی معیشت کے استحکام اور وطن عزیر کی خوشحالی کے لیے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔فیاض الیاس نے بتایا کہ ان کے دور میں تعمیراتی شعبے کو بے شمار مسائل کا سامنا تھا لیکن اللہ تعالیٰ کی مدد سے ہم ان مسائل کو کافی حد تک حل کرنے میں کامیاب رہے۔سبکدوش ہونے والے سینئر وائس چیئرمین محمد ایوب، وائس چیئرمین عارف شیخانی اور سدرن ریجن کے چیئرمین دانش بن رؤف نے بھی تمام نو منتخب عہدیداراران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آباد ممبران کی فلاح و بہبود اور تعمیراتی صنعت کے فروغ اور ملکی معیشت کی ترقی کے لیے تمام نو منتخب عہدیداران کی مکمل سپورٹ کریں گے۔قبل ازیں سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے انتخابات ہوئے جس میں الائیڈ پینل کے محسن شیخانی، محمد الطاف تائی، ایم انور داؤد او کے، محمد عقیل، عدنان میمن، محمد حنیف میمن،محمد ندیم جیوا(ایسوسی ایٹ)،عامر امین تھارا، عبدالکریم آڈھیا، افضل چماڈیا،احمد اویس، علی جمال، آصف یونس سم سم، ایم عارف یوسف جیوا، محمد حسن بخشی، محمد صادق بلوچ اور محمد الطاف کانٹے والا بلا مقابلہ ممبران منتخب ہوگئے۔ جبکہ ریجنل ایگزیٹو ریجن کے لیے الائیڈ پینل کے ہی فہد شیخانی، محمد علی توفیق، ملک ارشاد علی، محمد اشفاق، عثمان خانانیا، صفیان آڈھیا، رمیز قاسم غزیانی، محمد ناصر لاکھانی، عمر بن اسلام، طارق عزیز، محمد پٹیل اور سید خورشید عالم بلا مقابلہ منتخب ہوگئے۔ ریجنل ایگزیکٹو کمیٹی ناردرن ریجن میں بھی الائیڈ پینل کے انجینئر ایم اکبر شیخ، سلطان گوہر، ذیشان علی خان، حضر ایوب اظہار، میاں محمد نعمان،محمد پرویز چودھری، عمر الٰہی شیخانی اور تعظیم احمد بلا مقابلہ ممبرز منتخب ہوئے جبکہ سب ریجن کمیٹی کے لیے الائیڈ پینل کے ارباب محمد دین، قمر زمان اور ظاہر علی بلا مقابلہ بطور ممبران منتخب کیے گئے ہیں۔