کورونا سے مزید 42 اموات ،30 ستمبر سے نئی پابندیوں کا انتباہ ،ویکسین نہ لگوانے پر گرفتار افراد رہا

357

اسلام آباد/کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک/ اسٹاف رپورٹر)پاکستان میں عالمی وبا کورونا سے مزید 42 افراد انتقال کر گئے اور 2060 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے قوم کے نام پیغام میں اپیل کی ہے کہ وہ 30 ستمبر تک ویکسین کی دوسری ڈوز بھی لگوا لیں بصورت دیگر اس تاریخکے بعد جن لوگوں نے ویکسی نیشن نہیں کرائی ہوگی ان پر مختلف قسم کی پابندیاں لگادی جائیں گی اور وہ بہت سی سہولیات سے محروم کردیے جائیں گے ۔ پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 44 ہزار 958 ٹیسٹ کیے گئے‘ مثبت کیسز کی شرح 4.58 فیصد رہی۔ہلاکتوں کی تعداد 27 ہزار 524 ہو گئی اور مجموعی کیسز 12 لاکھ 36 ہزار 888 تک جاپہنچے ہیں۔ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں 10928 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 11 لاکھ 57 ہزار 322 ہو گئی ہے جب کہ فعال کیسز کی تعداد 52042 ہے۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی پولیس کو ویکسینشین کارڈ کی جانچ پڑتال شادی ہالز، ہوٹلز اور تفریحی مقامات تک محدود رکھنے کی ہدایت کردی جب کہ تھانے داروں کو کورونا وائرس کا ویکسی نیشن کارڈ نہ ہونے پر شہریوں کے خلاف مقدمات کے اندراج سے روک دیا ۔ایڈیشنل آئی جی کراچی یعقوب منہاس نے تھانیداروں کو کارروائیاں شادی ہالز، ہوٹلز اور تفریحی مقامات تک محدود رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر کی موجودگی میں پبلک مقامات پر کارروائی کی جائے۔جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے کورونا وائرس ویکسین نہ لگانے کے الزام میں تینوں شہریوں کو رہا کرنے کا حکم دیدیا۔ٹیپو سلطان پولیس نے3 شہریوں کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا، گرفتار شہریوں میں عبدالواحد، حکیم و دیگر شامل تھے۔پولیس نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ پاکستان میں عالمی ادارہ صحت کے سربراہ پلیتھاماہی پالا نے کورونا سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی کوششوں اور ویکسی نیشن کے عمل کی تعریف کی ہے۔اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے ممالک بھی ہیں جہاں 2 فیصد آبادی کو ویکسین نہیں لگائی جاسکی لیکن پاکستان ویکسین لگانے میں بہتر کارکردگی دکھا رہا ہے اور پاکستان ایک روز میں 10 لاکھ ویکسین لگا رہا ہے۔