کواڈ ممالک بحر الکاہل میں اثر رسوخ بڑھانے پر متفق

345
واشنگٹن: کواڈ ممالک امریکا، آسٹریلیا، جاپان اور بھارت کے سربراہ اجلاس کررہے ہیں

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا، بھارت، جاپان اور آسٹریلیا نے ہند بحرالکاہل میں اثررسوخ بڑھانے کے لیے تعاون پر اتفاق کیا۔ کواڈ نامی اتحاد کے چاروں رکن ممالک کے سربراہان نے واشنگٹن میں ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیے میں کہا کہ ہند بحرالکاہل کا خطہ سلامتی اور خوش حالی کی بنیاد ہے۔ خطے میں موجود تمام ممالک کی خودمختاری کا کسی زور زبردستی کے بغیر احترام کیا جانا چاہیے۔ چاروں ممالک کے رہنماؤں کے سربراہ اجلاس میں آزاد تجارت کے نام پر چین کے خلاف مؤثر اقداما ت پر اتفاق کیا گیا۔ شرکا نے مذاکرات کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اسے سالانہ بنیادوں پر منعقد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ جاپانی وزیراعظم یوشی ہیدے سوگا نے کہا کہ یہ اجلاس چاروں ممالک کے درمیان مضبوط اتحاد اور آزاد کھلے ہند بحرالکاہلی خطے سے متعلق اقداما ت کی عکاسی کرتا ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے چاروں ممالک کو جمہوری اقدار کا نگران قرار دیا۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا تھا کہ کواڈ ہندبحرالکاہلی خطے اور دنیا بھر میں امن اور خوشحالی لائے گا۔ آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے کہاکہ ہم ایک ایسے خطے میں متحد ہوئے ہیں، جس کے ہمیشہ دباؤ سے آزاد رہنا ہمارا مقصد ہوگا۔ چاروں رہنماؤں نے کورونا وائرس کی وبا کے خلاف اقدامات سمیت کئی شعبوں میں مزید مل جل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے زیادہ مقدار میں کورونا وائرس ویکسین تیار کرنے میں تعاون کرنے اور ہند بحرالکاہل کے ممالک کو فراہم کرنے کے منصوبوں پر بات چیت کی۔ اجلاس کے دوران چارو ں ممالک کے رہنماؤں نے تعمیرات، خلائی شعبے میں ترقی، ماحول دوست توانائی اور انسانی روابط کے شعبوں میں تعاون کرنے پر بھی اتفاق کیا۔