مسلم لیگ (ن) میں قیادت کے جھگڑے ہیں، خواجہ آصف کا اعتراف

255

راولپنڈی: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جھگڑے ورکرز کے نہیں قیادت کے ہیں، یہ جھگڑے ختم ہونے چاہیئں۔

راولپنڈی میں نون لیگ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ملک کے طول وعرض میں نواز شریف کی محبت کا سمندر رواں دواں ہے، پانچ سال عوام کی خدمت کی، ن لیگی ورکرز سے عرض ہے کہ مہربانی کریں اور اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں کیونکہ انتخابات کسی وقت بھی آسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری سے عوام تنگ آچکے ہیں، لیگی ورکرز نواز شریف کے پیچھے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہو جائیں، یہ وقت کی ڈیمانڈ ہے اور وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا،

خواجہ آصف نے کہا کہ ہاتھ جوڑ کر درخواست ہے کہ پنجاب، کے پی، سندھ، کراچی میں مقامی قیادت کے جھگڑے ہیں اور یہ جھگڑے ختم کرکے پارٹی میں اتحاد آنا چاہیئے، آپ اتحاد کا مظاہرہ کریں، انشااللہ کامیابی آپکا مقدر بنے گی، انہوں نے کہا کہ اپنے ووٹ کی عزت پامال نہیں ہونے دی ،اسی لئے کینٹ بورڈ الیکشن میں کامیابی ملی ،کینٹ الیکشن میں 73فیصد ووٹ موجودہ حکمرانوں کے خلاف پڑا۔