عراق اسرائیل تعلقات: امریکی تھنک ٹینک عراقی عوام کی ذہن سازی میں سرگرم

351
24 ستمبر 2021 کو قبائلی رہنماؤں سمیت 300 سے زائد عراقیوں نے خود مختار کردستان میں امریکی تھنک ٹینک کے زیر اہتمام ایک کانفرنس میں شرکت کی جس کا مقصد عراق اور اسرائیل کے تعلقات کی اہمیت پر زور دینا تھا۔

عراقی اتحاد نے شمالی عراق میں کرد علاقے کے دارالحکومت اربل میں اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کیے جانے کی کال کو مسترد کردیا ہے.

غیر ملکی میڈیا کے مطابق شیعہ قومی حکمت اتحاد کے سربراہ عمار الحکیم نے بیان میں کہا ، “ہم عراق میں ہونے والی ایسی کانفرنسوں اور اجتماعات کی مذمت اور اسے مسترد کرتے ہیں جو غاصب صہیونیوں کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کا مطالبہ کریں۔”

شیعہ قومی حکمت اتحاد کے پاس عراقی پارلیمنٹ کی 329 میں سے 19 نشستیں ہیں۔

الحکیم نے کہا کہ فلسطینی مسئلہ عرب اور مسلمانوں کا ایک اہم مسئلہ ہے جس کی حمایت اتحاد ہمیشہ کرتا رہے گا۔

الحکیم نے کہا ، “ہم فلسطینی عوام ، ان کے کاز اور ان کے غصب شدہ حق کی وصولی کے لیے ان کی جدوجہد کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔”

واضح رہے کہ اربل میں امریکی تھنک ٹینک کے زیرِ اہتمام ایک امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں سنی اور شیعہ قبائلی شخصیات نے شرکت کی. کانفرنس کا مقصد عراق اور اسرائیل کے درمیان تعلقات بحالی کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔