آئندہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کی سیاست دفن کردیں گے،شہباز شریف

242

راولپنڈی: پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کی سیاست دفن کردیں گے۔

راولپنڈی میں نون لیگ کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ پنڈی والوں کو کنٹونمنٹ میں عظیم کامیابی حاصل کرنے پر اپنی طرف سے نواز شریف اور پوری مسلم لیگ (ن) کی طرف سے مبارک باد دینے آیا ہوں، یہ کوئی معمولی کامیابی نہیں ہے، آپ نے کنٹونمنٹ میں سیٹیں جیتیں اور راولپنڈی والوں نے لاہور کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے بے حد خوشی ہے کہ لاہور نے بھی شان دار فتح حاصل کی مگر پنڈی کا مقابلہ کہیں نہیں، آپ کو نواز شریف اور شہباز شریف کا سلام اور حنیف عباسی سمیت سب کو سلام پیش کرتا ہوں،شہباز شریف نے کہا کہ کنٹونمنٹ وہ جگہیں ہیں جہاں آج سے 8,10 سال قبل پی ٹی آئی نے آنکھ کھولی تھی اور اسی کنٹونمنٹ بورڈ میں اس الیکشن میں پی ٹی آئی کو اپنی نیند آپ سلادیا ہے، اس سے بڑی فتح نہیں ہوسکتی۔

شہباز شریف نے کہا کہ یہ ایک اشارہ ہے کہ اللہ نے چاہا تو جس طرح یہ کنٹونمنٹ بورڈ کے شفاف انتخابات ہوئے، 2023کے انتخابات میںپی ٹی آئی کی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن کردیں گے، انہوں نے کہا کہ آج سوا تین سال بعد لوگوں کی آنکھیں کھل گئی ہیں، پنڈی شہر میں، فیصل آباد، کراچی، پشاور میں، پہاڑوں اور میدانوں میں بھی، ریگستانوں اور کنٹونمنٹس میں بھی، اس ملک میں ہر طبقے میں یہ شعور پیدا ہوگیا کہ سوا تین سال پہلے ایک سلیکٹڈ وزیراعظم کو سلیکٹ کروا کے آج اس سلیکٹڈ وزیراعظم کے ہاتھوں پاکستان کی تباہی ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے عوامی خدمت اور خوش حالی کے جو منصوبے لگے وہ سب کے سامنے ہیں، چاہے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہو جس سے 20،20گھنٹے اندھیرے ہوتے تھے لیکن نواز شریف نے وہ اندھیرے ختم کر دیے، اس ملک کے اندر پاک،چین اقتصادی راہداری (سی پیک) لایا گیا جس کو عمران خان اور اس کے ساتھیوں نے بدنام کرنے کی کوئی کسر نہیں چھوڑی، دن رات جھوٹ بولا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آج مہنگائی کا حال دیکھیں، غریب آدمی مشکلات کا شکار ہے، آج آٹا، دال، چاول اور چینی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، بجلی، تیل اور گیس کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، بجلی کے بل بجلی بن کر غریب عوام پر ٹوٹ کر حملہ کر رہے ہیں جبکہ سلیکٹڈ وزیراعظم کہہ رہا ہے گھبرانا نہیں ہے حالانکہ قوم معاشی طور پر بدحال ہوگئی ہے۔