حکومت نے اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائیاں شروع کی ہوئی ہیں، رانا ثنا اللہ

150

لاہور: رانا ثناء اللہ کا کہنا ہےکہ حکومت اپوزیشن کے خلاف جعلی کاروائیاں کرنے میں مصروف ہے، حکومت نے ملک کو ترقی پذیر بنانے کے بجائے زوال پذیر بنا دیا ہے اور غریب عوام کیلئے روٹی کا حصول مشکل ہوگیا ہے جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کے دورہ منسوخی میں بھارت نے کام دکھایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  عدالت میں پیشی کے موقع پر گفتگو  کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہناہے کہ پاکستان واحد ملک ہے جسے حکومت نے محنت کرکے زوال پذیر بنا دیا ہے،  حکومت نے اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائیاں شروع کی ہوئی ہیں، قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے ہیں، حکومت اپوزیشن کے خلاف جعلی کارروائیوں میں مصروف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو حکومت کے خلاف میدان میں آنا چاہیے، کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں دھاندلی ہوئی، انتخابات کے دوران ہر حلقے میں ترقیاتی کام ہوتے رہے، حکومت نے بھرپور طریقے سے اپنے امیدواروں کو کنٹونمنٹ بورڈ میں ترقیاتی فنڈز دیئے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حکومت نے اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائیاں شروع کی ہوئی ہیں، قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے ہیں، حکومت اپوزیشن کے خلاف جعلی کارروائیوں میں مصروف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی الیکشن سے سیاسی اثرات اس طرح سے مرتب نہیں ہوتے جیسے عام انتخابات میں ہوتے ہیں، حکومت کیلئے بلدیاتی انتخابات جیتنا مشکل ہوگا، حکومت ہار کے ڈر سے جلد بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے گی۔

انہوں نے کہا کہ 2 روز قبل وزیر داخلہ اور وزیر اطلاعات کہہ رہے تھے کہ بھارت کی وجہ سے نیوزی لینڈ ٹیم واپس گئی، اگر بھارت اتنا طاقتور ہے کہ اس کی وجہ سے کوئی غیر ملکی ٹیم ہمارے ساتھ کرکٹ کھیلنے کیلئے تیار نہیں تو حکومت کیا کر رہی ہے۔

دوسری جانب رانا ثنا اللہ نے میاں جاوید لطیف کے خلاف پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی سے متعلق کہا کہ پارٹی ڈسپلن ہر ایک پر لاگو ہوتا ہے، جاوید لطیف نے جو بات کی وہ سیاق سباق سے ہٹ کر تھی، جاوید لطیف پارٹی کا حصہ ہیں لیکن ان سے اس بات کا جواب لیا جائے گا، امید ہے جاوید لطیف پارٹی کو جواب جمع کرا دیں گے اور معاملہ حل ہوجائے گا۔