حکومت نظام کو ٹھیک کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی، سراج الحق

182

لاہور : امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ حکومت اداروں اور نظام کو ٹھیک کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی، ملک میں پارلیمنٹ اور قانون کی بالادستی کا کوئی تصور نہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ لوگوں کو سستا اور فوری انصاف چاہیے، پی ٹی آئی حکومت نے  ملک کا تماشا  لگا رکھا ہے، نوجوان  ملک کو بوسیدہ نظام سے چھٹکارا دلانے  کیلئے  جدوجہدکریں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ قوم اشرافیہ کی زیادتیوں کا بدلہ ووٹ کی طاقت سے لے گی، تبدیلی یہ ہے کہ ملک کے تمام شعبے تیزی سے تنزلی کا شکار ہیں، ہم ملک بھر میں نوجوانوں کو منظم کررہے ہیں۔

  سراج الحق نے کہا کہ  وکلاء پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ نظام انصاف میں بہتری لانے کے بھرپور جدوجہد کریں، تھانہ کچہری عام آدمی کے لیے وبال جان بن گیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ ماضی کے حکمرانوں نے بھی عوام اور ملک کے لیے کچھ نہیں کیا بلکہ اپنے مفادات کا تحفظ کرنے میں ہی لگے رہے۔ قوم اب کی بار جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔

انہوں نے مزید کہاکہ قوم نے گزشتہ تہتر برسوں میں مارشل لاز، صدارتی و پارلیمانی نظاموں کے تجربات بھگت لیے، حقیقت میں چند خاندان ہی ملک پر قابض ہیں، یہ خاندان ملک پر اقتدار کی وراثت کو اگلی نسل میں منتقل کردیتے ہیں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ عوام کو جان بوجھ کر وسائل اور ترقی سے محروم رکھا جاتا ہے، اکیسویں صدی میں بھی پاکستان کے ہزاروں دیہات بجلی گیس پانی کی بنیادی ضروریات تک سے محروم ہیں۔