عمران خان مافیاز کے نام بتائیں ورنہ گھر چلے جائیں،حافظ حمد اللہ

232

اسلام آباد:پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ(پی ڈی ایم ) کے ترجمان حافظ حمد اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان آئے روزقوم کوبےوقوف بنانے کےلئے کہتے ہیں کہ مافیازکومکرنے نہیں دیتا ،وزیر اعظم بتائیں کہ یہ مافیا کون ہیں ؟

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حمد اللہ نے کہا کہ عمران خان جن مافیاز کا بار بار تذکرہ کرتے ہیں اُن  مافیاز کے نام بتائیں  اگر وہ بے بس ہیں تو پھر استعفیٰ دے کر گھر چلے جائیں ۔

پی ڈی ایم کے ترجمان  نے کہاکہ حقیقت تو یہ ہے کہ مافیا عمران خان کی کابینہ میں بیٹھا ہے جن میں چینی مافیا،دوائی مافیا، پٹرول مافیا وغیرہ شامل ہیں اور ان تمام مافیا کے لوگوں کی سرپرستی وزیر اعظم خود کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ اچھاخاصاپاکستان کو تین سالہ دورحکومت میں عمران خان نے بحرانستان بنادیا ہے جن میں مہنگائی کابحران،بےروزگاری کابحران،میرٹ کابحران،لوڈشیڈنگ کابحران،لاقانونیت کابحران،آئینی بحران، سیاسی اورجمہوری بحران، اداروں کا بحران شامل ہیں ۔

حافظ حمد اللہ نے کہاکہ عمران خان قوم کونیاپاکستان نہ دے سکے ،نہ پراناپاکستان دے سکے اورنہ قائداعظم کاپاکستان دے سکے، مدینے کی ریاست بنانے کادعوی کرتے رہیں مگرآپ اور آپکی حکومت کی نااہلی نالائقی اور کردار نے مدینے کی ریاست کاچہرہ مسخ کردیا ہے ۔