“نواز شریف اور اشرف غنی دونوں ڈالرز لیکر بیرون ملک فرار ہیں”

261

جہلم: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فوادچوہدری کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور اشرف غنی دونوں ڈالروں کے بیگ بھر کر بیرون ملک فرار ہیں، آج نواز شریف اور اشرف غنی ایک جیسی زندگی گزار رہے ہیں، ایک دبئی میں اور دوسرا لندن میں مفرور ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ  شہباز شریف سے چیئرمین نیب کی تقرری کیلئے مشاورت کرنا ایسا ہی ہے جیسے کسی چور سے پوچھا جائے کہ اس کا تفتیشی افسر کسے لگانا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ  جن لوگوں کو جیلسی ہے وہ اگلے پانچ سال بھی روتے ہوئے گزاریں گے، ہم نے عوام سے کئے ہوئے تمام وعدے پورے کئے، نومبر میں کھاریاں سے اسلام آباد موٹر وے کی تعمیر کا آغاز کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  بلوچستان میں جب کلبھوشن یادیو کو گرفتار کیا گیا تو نواز شریف نے اس پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا تھا، پاکستان میں ایسے لوگ حکمران رہ چکے ہیں جن میں کبھی اپنے پاﺅں سے آگے دیکھنے کی صلاحیت ہی نہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات  کا کہنا تھا کہ قومی دولت لوٹنے، نریندر مودی کو شادیوں پر بلانے کے علاوہ کبھی کوئی تعمیری کام نہیں کیا۔