طالبان کو کامیابی اشرف غنی کی ناکام پالیسیوں کے سبب ملی، وزیر خارجہ

318

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ افغانستان میں طالبان کو کامیابی سابق افغان صدر اشرف غنی کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ملی ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بھارتی جارحیت کو دنیا کے سامنے بےنقاب کردیا، وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا، وزیراعظم نے اسلاموفوبیا کا بھی ذکر کیا، وزیراعظم نے عالمی دنیا کو بتایا اگر توجہ نہ دی گئی تو صورتحال بگڑ سکتی ہے، وزیراعظم نے پاکستان کا نقطہ نظر عالمی دنیا کے سامنے رکھا، عالمی دنیا پاکستان کے اقدامات کو سراہتی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کافی عرصے بعد امن کی ایک امید پیدا ہوئی ہے، موجودہ حالات میں ہمیں تحمل سے آگے بڑھنا ہے، افغانستان میں مخلوط حکومت پاکستان کی بھی خواہش ہے، افغان عوام کے امن اور سکون کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے، اگر بہتر حکمت عملی نہ اپنائی تو افغانستان کے حالات بگڑ بھی سکتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں اشرف غنی کی حکومت اعتماد کھو چکی تھی، طالبان کو کامیابی اشرف غنی کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ملی، امریکا 20 سال میں افغانستان میں کچھ حاصل نہیں کرسکا، پاکستان کے موقف پر توجہ دی گئی ہوتی تو حالات کچھ اور ہوتے، ہم چاہتے ہیں افغانستان میں ایسے حالات ہوں لوگ نقل مکانی پر مجبور نہ ہوں۔

شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش ہے، ایسا نہیں ہوسکتا بھارت کی یکطرفہ کارروائی کی خواہش پوری ہوجائے۔