تربت سے خودکش بمبار سمیت 3دہشتگرد گرفتار، سی ٹی ڈی

287

تربت میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ خود کش بمبار سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ وگولہ بارودبرآمد کرلیا ہے جبکہ خاران کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 6 دہشتگرد مارے گئے۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی بلوچستان کے شہرتربت میں سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی اور کارروائی کے دوران مبینہ خود کش بمبارسمیت 3دہشتگردوں  کو گرفتار کیا ہے اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کیا ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ ملزمان کےقبضےسےاسلحہ وگولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا ہے اور ملزمان رواں ماہ گوادر خودکش حملے کی سہولت کاری میں ملوث تھے جبکہ واقعے کا اصل  ماسٹر مائنڈ ہمسایہ ملک میں موجود ہے۔

یاد رہے چند روز قبل بھی لاہورمیں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے موہلنوال میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 4 دہشتگردوں کو گرفتار کیا تھا اور  کالعدم تنظیم کے گرفتار چاروں دہشت گردوں کا تعلق کراچی سے بتایا گیا ہے۔

دوسری جانب  ایف سی بلوچستان ساؤتھ نے خاران میں انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایف سی بلوچستان نے خاران میں دہشت گردوں کی موجودگی پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جیسے ہی سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیا، دہشتگردوں نے ٹھکانے سے بھاگنے کے لیے فائرنگ کردی تھی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کی جانب سے شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 6 دہشتگرد مارے گئے اور مارے جانے والے دہشت گردوں میں 2 کمانڈربھی شامل ہیں۔