دنیا میں اس وقت بیانیے کی جنگ لڑی جا رہی ہے،فواد چودھری

210
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری ڈیجیٹل میڈیا ڈیولپمنٹ پروگرام کی تقریب سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ دنیا میں اس وقت بیانیے کی جنگ لڑی جا رہی ہے، نوجوان نسل کا مستقبل ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ ہے، سابقہ ادوار میں ریاستی میڈیا کو پارٹی بیانیے کے لیے استعمال کیا گیا،جمعہ کو ڈیجیٹل میڈیا ڈویلپمنٹ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ
وزیراعظم عمران خان میڈیا کی اہمیت کو اچھی طرح سمجھتے ہیں، وزیراعظم نے 2017ء میں ہی واضح کر دیا تھا کہ مستقبل ڈیجیٹل سے وابستہ ہے، ہم نے 2018ء میں ریفارمز کا آغاز کیا، ڈیجیٹل میڈیا ڈویلپمنٹ پروگرام نوجوانوں کو ٹرانسفارم کرنے کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ 2016ء سے پاکستان تحریک انصاف میں ڈیجیٹل میڈیا کو دیکھ رہے تھے، پاکستان تحریک انصاف کا ڈیجیٹل میڈیا ریاست کے ڈیجیٹل میڈیا سے زیادہ مضبوط تھا، گزشتہ حکومتوں نے وزارت اطلاعات کو پارٹی کا ترجمان بنا رکھا تھا جس میں ریاستی بیانیے کے بجائے پارٹی کے بیانیے کو تقویت دی گئی، پی ٹی وی، اے پی پی اور پی آئی ڈی تباہی کی جانب گامزن تھے ۔فواد چودھری نے کہا کہ ہم نے 2018میں ریفارمز کا آغاز کیا، 2020میں ڈیجیٹل میڈیا ونگ بنایا، پی ٹی وی کو ایچ ڈی کیا، اے پی پی کو ڈیجیٹل نیوز ایجنسی بنایا، آج ریڈیو پاکستان کی ایپلی کیشن بہترین ایپس میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا ایڈورٹائزنگ صرف 3 سال میں بڑھ کر 25 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے اور توقع ہے کہ یہ 5سال میں 35ارب روپے تک بڑھ جائے گی، ڈیجیٹل میڈیا ایڈورٹائزنگ کو ٹیکس نیٹ میں لایا جانا چاہیے۔