انکم ٹیکس ریٹرن داخل کرانے کی تاریخ میں توسیع کی جائے ، کراچی چیمبر

97

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے صدر ایم شارق وہرہ نے حکومت سے انکم ٹیکس گوشوار داخل کرنے کی آخری تاریخ میں 30ستمبر 2021سے 31اکتوبر 2021 تک توسیع کی درخواست کی ہے کیونکہ بہت سارے ٹیکس دہندگان کو غیر معمولی حالات کی وجہ سے وقت پر ریٹرن داخل کرانا مشکل نظر آرہا ہے۔ ان حالات میں کئی کاروبار کورونا وبا کو پھیلنے سے روکنے کے سلسلے میں لگائی گئی پابندیوں اور محدود اوقات کار کی وجہ سے بری طرح متاثررہے ہیں۔ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ حالانکہ حکومت نے حال ہی میں لگائی گئی پابندیوں میں نرمی تو کی ہے لیکن کئی کاروبار اب تک اس جدوجہد میں ہیں کہ کسی طرح معمول پر آجائیں لہذا یہ بہت ضروری ہے کہ انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی آخری تاریخ کو 31اکتوبر تک بڑھا کر انھیں کچھ سکھ کا سانس لینے کاموقع دیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ کراچی چیمبر کو تاجر و صنعتکار برادری کی جانب سے درخواستیں موصول ہو رہی ہیں اور کے سی سی آئی سے مسلسل یہ التجا کی جا رہی ہے کہ وہ حکام بالا سے رابطہ کریں تاکہ آخری تاریخ میں توسیع کی جاسکے۔ یہ حقیقت ہے کہ پوری قوم بشمول ٹیکس گزارکورونا وبا کی چوتھی لہر سے بر ی طرح متاثر ہوئے ہیں اور آج تک صورت حال بہت کٹھن ہے لہذا فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے انکم ٹیکس ریٹرن کی آخری تاریخ کو 31اکتوبر تک بڑھانا ہی ہوگا جس کو تاجر برادری کی جانب سے بڑے پیمانے پر سراہا جائے گا۔