وزارت تجارت ملکی ترقی میں اپنا کردار ، میرٹ پر فیصلے کر رہی ہے،زبیر طفیل

90

کراچی (اسٹاف رپورٹر)یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے صدر زبیر طفیل نے کہا ہے کہ وزارت تجارت ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے اور تمام فیصلے میرٹ پر کر رہی ہے جس میں شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ وزارت تجارت نے ملک بھر کی تجارتی تنظیموں اور چیمبروں کی جانچ پڑتال شروع کر رکھی ہے تاکہ کاغذی تنظیموں کو ختم کیا جا سکے۔ کئی جعلی تجارتی تنظیموں اور چیمبروں کے لائسنس منسوخ کر دیے گئے ہیں جس سے جعلسازوں کے مفادات پر ضرب پڑی ہے اور وہ شور مچار رہے ہیں۔ یو بی جی کے صدر زبیر طفیل، ترجمان گلزار فیروز اور چیف کو آرڈینیٹر ملک سہیل نے یہاں جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ کاروباری برادری وزارت تجارت کی جانب سے تطہیری عمل کی بھرپور اور غیر مشروط حمایت کرتی ہے اور یہ سلسلہ ہر صورت میں جاری رہنا چاہیے۔ اس سلسلہ میں کوئی دبائو قبول نہ کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ جعلی تجارتی تنظیموں کا مقصدکاروباری برادری کے بجائے انفرادی شخصیات کی مفادات کی آبیاری ہوتا ہے جس میں فوائد سمیٹنا، ایف پی سی سی آئی کے الیکشن پر اثر انداز ہونا اورمنتخب عہدیداروں کو کام سے روکنا شامل ہیں جس سے مسائل کھڑے ہو جاتے ہیں۔