پاکستان اسٹاک 100انڈیکس مزید200پوائنٹس گھٹ گیا

110

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )پاکستا ن اسٹاک مارکیٹ کاروباری ہفتہ کے آخری دن بھی اتار چڑھائو کے بعد مندی کا شکار رہی اور کے ایس ای 100انڈیکس مزید200پوائنٹس گھٹ گیا جس کی وجہ سے انڈیکس 45200پوائنٹس سے گھٹ کر 45000پوائنٹس پر آگیا جبکہ مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 41ارب روپے سے زائد ڈوب گئے، کاروباری مندی سے 68.82فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو ابتدائی سیشن کے دوران انڈیکس بڑھ کر 45422 پوائنٹس پر جا پہنچا تاہم پرافٹ ٹیکنگ کی خاطرفروخت کے دبائو اور مسلسل مندی سے دوچار مارکیٹ میں بہتری کے آثار نمایاں نہ ہونے پر سرمایہ کاروں نے نئی سرمایہ کاری سے ہاتھ روک لیا جس کی وجہ سے مارکیٹ کاروبار کے اختتام تک مندی کی زد میں رہی ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو کے ایس ای 100انڈیکس میں 223.36 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے انڈیکس 45296.88پوائنٹس سے کم ہو کر 45073.52 پوائنٹس ہو گیا اسی طرح 68.18پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 30 انڈیکس 17810.54پوائنٹس سے کم ہو کر 17742.36 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 30940.56 پوائنٹس سے گھٹ کر 30777.71 پوائنٹس پر آگیا۔