جماعت اسلامی کا کمر توڑ ،مہنگائی کیخلاف حیدرآباد میں احتجاج

258
حیدرآباد: کمر توڑ مہنگائی کیخلاف جماعت اسلامی کے تحت احتجاجی مظاہرے سے ڈپٹی جنرل سیکرٹری سندھ حافظ طاہر مجید خطاب کررہے ہیں، عقیل احمد خان ودیگر بھی موجود ہیں

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر کمر توڑ مہنگائی، بے روزگاری، پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج کی کال پر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کے تحت فقیر کے پڑھ چوک پر ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سندھ حافظ طاہر مجید، امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری ظہیر الدین شیخ،سابق امیر مشتاق احمد خان، عبدالباسط خان اور عرفان قائمخانی بھی موجود تھے۔ مظاہرین نے مہنگائی، کرپشن کے خلاف ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے۔ احتجاجی مظاہرے سے ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سندھ حافظ طاہر مجید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور اس کے علی بابا چالیس چور کے ٹولے نے عوام کے لیے جینا پہلے ہی مشکل کردیا تھا لیکن اب مرنا بھی مشکل کردیا ہے، قبرستان میں قبر یںاتنی مہنگی ہو گئی ہیں کہ لوگ
پریشا ن ہیں کہ اپنے پیاروں کو کہا ں دفنائیں، قبرستانوں میں سیوریج کا پانی بھرا ہوا ہے ،پی ٹی آئی کی حکومت نے تبدیلی کے نام پر ملک کومحض لوڈشیڈنگ،مہنگائی،بے روزگاری اور سودی بجٹ کا نظام دیاہے۔انہوں نے کہا کہ سخت گرمی اور حبس میں بجلی کی طویل اور غیر علانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کو دہرے عذاب میں مبتلا کر دیا ہے،مہنگائی کی وجہ سے ہر گھر کے افراد ڈپریشن کا شکار ہو گئے ہیں، حکمران غریب آدمی سے ایک وقت کی روٹی بھی چھیننا چاہتے ہیں، صنعتیں بند ہونے سے مز دور بے روزگار اور، نوجوان گریجوٹ کر کے ڈگریاں ہاتھوں میں لے کر نوکریوں کے لیے نکلتے ہیں لیکن انہیں نوکریاں نہیں ملتی ان کرپٹ حکمرانوں سے نجات کے لیے عوام کو جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہو گا۔ امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ اور بے تحاشہ مہنگائی نے لوگوں کی کمر توڑ دی ہے، مہنگائی کے سونامی نے عام پاکستانی کا زندہ رہنا مشکل بنا دیا ہے۔ حکومت میں موجود آٹا، چینی، مافیاز نے اربوں روپے کاڈاکا مارا۔حکومت کا بجلی کے بلوں پر مزید ٹیکس لگانے کا فیصلہ عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ حکمران اس ملک کو امریکا کا غلام بنانا چاہتے ہیں، جماعت اسلامی یہ برادشت نہیں کرے گی اگر عوام چاہتے ہیں کہ اس ملک سے مہنگائی کا خاتمہ ہو تو صالح قیادت کو آگے لائیں، سڑکوں پر نکلیں، اس ظلم کے خلاف آواز اٹھائیں۔