سینیٹ ،افغان مسئلے پر بحث کیلئے مشترکہ پارلیمانی اجلاس بلانے کا مطالبہ

292

اسلام آباد( آئی این پی+اے پی پی) سینیٹ میں اپوزیشن نے افغانستان کے مسئلے پر بحث کے لیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا۔ اپوزیشن ارکان نے کہا کہ اس وقت حکومت اصلاحات ایجنڈے پر سنجیدہ نہیں ، پاکستان نے اپنی پوری تاریخ میں اتنی گندم کبھی درآمد نہیں کی ، گندم اور چینی کی55فیصد درآمد بڑھی ہے، اس وقت سب پریشان ہیںکہ ملک ایسی جگہ جا رہا ہے کہ ہم اس کو پھر واپس نہیں لا سکیں گے ، آپ نے ملک کو بالکل روند کر رکھ دیا، کسی کے پاس کھانے کو نہیں ہے جبکہ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان اور حکومتی سینیٹرز نے کہا ہے کہ اگر سارا انصاف ، ساری تبدیلی اورسارا سسٹم ہمیںٹھیک کرنا ہے تو آپ 45 سال کیا کرتے رہے ،کیا عمران خان ٹھیکیدار ہے؟ بڑے بڑے عہدوں پر تو آپ بیٹھے رہے ، تھری پیس سوٹ لگا کر آجاتے ہیں۔قبل ازیں جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے کہنے پر بابائے حریت سید علی گیلانی، سیکورٹی فورسز کے جوانوں اور سینئر صحافی سی آر شمسی کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کرائی گئی۔