ملک کی ترقی میں صحافیوں کی قربانیاں قابل ستائش ہیں، ہالار خان

152

کھپرو (نمائندہ جسارت) رہنما پیپلز پارٹی بیرسٹر ہالار خان وسان سے سندھ پریس کلب کے مرکزی عہدیداروں نے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی، ملاقات میں سیاسی سماجی صورتحال سمیت صحافیوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر بیرسٹر ہالار خان وسان نے کہا کہ پیپلز پارٹی آزادی صحافت اور صحافیوں کے حقوق کی جنگ میں تمام پارٹیوں سے زیادہ سنجیدگی رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی میں صحافیوں کی قربانیاں قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ پریس کلب کی مرکزی قیادت صحافیوں کے حقوق کی جو بات کر رہی ہے وہ ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ اس موقع پر سندھ پریس کلب کے بانی صدر رستم علی جمالی مرکزی نائب صدر فیاض حسین خاصخیلی مرکزی جنرل سیکرٹری غفران خان نے بیرسٹر ہالار خان وسان کو ان کی سیاسی کاوشوں کے عوض سندھ پریس کلب کا سرٹیفکیٹ بھی پیش کیا۔ بعد ازاں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری کی 33 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔ ہالار خان وسان نے سندھ پریس کلب کے وفد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔