چیف آف نیول اسٹاف ہاکی، نیشنل بینک کی دوسری فتح

124

کراچی (اے پی پی)تیسرے چیف آف نیول سٹاف ہاکی ٹورنامنٹ میں دفاعی چمپین نیشنل بینک کی فتوحات کا سلسلہ جاری، واپڈا اور ماڑی پیٹرولیم نے بھی میچز جیت لیے، پنجاب، پورٹ قاسم اور ائرفورس کو شکست کا سامنا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کی زیرنگرانی عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں جاری چیف آف دی نیول اسٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ کے تیسرے دن کے پہلے میچ میں ماڑی پیٹرولیم نے پورٹ قاسم اتھارٹی کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 1-7 گول سے شکست دیدی۔ماڑی پیٹرولیم کی جانب سے وقار علی اور عضنفر علی نے 2، 2 گول اسکور کیے۔ فاتح ٹیم کی جانب سے وسیم اکرم، عمیر ستار اور عبدالرحمن نے بھی ایک، ایک گول اسکور کیا۔دوسرے میچ میں پاکستان واپڈا نے پاکستان ائر فورس کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2کے مقابلے میں 3گول سے شکست دیدی. پاکستان واپڈا کی جانب سے علیم بلال، توثیق ارشد اور اعجاز احمد نے گول اسکور کیے۔پاکستان ائرفورس کی جانب سے دونوں گول رضوان علی نے پینالٹی کارنر پر اسکور کیے۔میچ موسلادھار بارش کے باعث ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا. اس میچ کے بہترین کھلاڑی علیم بلال قرار پائے۔ تیسرے میچ میں نیشنل بینک نے پنجاب کی ٹیم کو 4 گول سے شکست دیدی۔آج 2 میچز کھیلے جائینگے۔