دورہ پاکستان طے شدہ پروگرام کے مطابق ہی ہوگا ، ویسٹ انڈیز بورڈ

262

لاہور(جسارت نیوز) دسمبر میں ویسٹ انڈین ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے دونوں بورڈز میں بات چیت کا آغاز ہوگیا۔انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا سفر جاری رکھنے کیلیے پاکستان کی امیدوں کا محور ویسٹ انڈیز ہے، دسمبر میں کیریبیئن طوفان کے میدانوں کا رخ کرنے سے گوروں کے بے بنیاد خدشات اڑانے میں مدد ملے گی۔یہ دورہ اس لیے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ نیوزی لینڈ کے بعد ویسٹ انڈیز کو بھی جعلی دھمکیوں پر مبنی ای میلز موصول ہوئی ہیں،اس تاثر کو زائل کرنا پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور پی سی بی دونوں کا مشترکہ چیلنج بن چکا، ٹور کے حوالے سے دونوں بورڈز میں بات چیت کا آغاز ہوگیا ہے۔چیف ایگزیکٹیو پی سی بی وسیم خان اور کرکٹ ویسٹ انڈیز کے ہم منصب جونی گریو نے باہمی سیریز کے حوالے سے فون پر تبادلہ خیال کیا ہے، دونوں نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی اچانک وطن واپسی اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال پر بات کی، رواں ہفتے کے آخر میں آپریشنل ٹیمیں بھی تبادلہ خیال کریں گی۔ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ اپنے طریقہ کار کے مطابق انڈیپنڈنٹ سیکیورٹی کنسلٹنٹس سے رائے لے گا، پلیئرز ایسوسی ایشن سے بھی رابطہ کر لیا گیا، سیکیورٹی کنسلٹنٹ کی رپورٹ کو پیش نظر رکھتے ہوئے بورڈ آف ڈائریکٹرز، پلیئرز ایسوسی ایشن اور خود کھلاڑی بھی ٹور کا حتمی فیصلہ کریں گے۔چیف ایگزیکٹیو جونی گریو کا کہنا ہے کہ ہم اپنے وعدے اور طے شدہ پلان کے مطابق ٹورپر آمادہ ہیں ، ہمارے کئی مرد اور خواتین کرکٹرز پہلے بھی پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں تاہم سیریز دسمبر میں ہے، ابھی کوئی فیصلہ کرنے کی جلدی نہیں، سیکورٹی امور کا جائزہ لینے کیلئے معمول کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد کوئی قدم اٹھایا جائے گا،ہم ماہرین اور پی سی بی سے حاصل شدہ معلومات پر کھلاڑیوں کو مکمل بریفننگ دیں گے، اس دوران پی سی بی حکام کے ساتھ رابطے میں رہیں گے۔یاد رہے کہ ویسٹ انڈین ٹیم کو3 ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کیلیے پاکستان آنا ہے، ویمنز ٹیم کو بھی بجھوانے کا پلان ہے۔