چیئرمین نیب کی ملازمت میں توسیع ہوسکتی ہے،وزیرداخلہ

189
وفاقی حکومت کی کراچی میں اسٹریٹ کرائمز روکنے کیلیے تجویز

اسلام آباد (آن لائن )وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی ) کی معافی سے متعلق فیصلہ نہیں ہوا۔ وہ نجی ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان کی معافی سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، ان کے ساڑھے پانچ سو لوگ یہاں وارداتوں میں ملوث ہیں ان کو تومعاف نہیں کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے چیئرمین نیب کے معاملے سے متعلق کہا کہ امکان یہی ہے کہ موجودہ چیئرمین کی مدت ملازمت میں توسیع کردی جائے۔ شیخ رشید نے کہا کہ ثابت ہوگیا کہ کیسے بھارت نے پاکستان کو نقصان پہنچایا، جعلی آئی ڈیز،ای میلز کے ذریعے کیسے ہمارے امیج کو نقصان پہنچایا گیا، بھارت کی ساری پلاننگ ہمیں نقصان پہنچانے کی تھی۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف ایک محاذ بنایا گیا ہے، برطانوی سفیر نے بھی کہا کہ ہماری طرف سے کوئی بات نہیں تھی، اب ہمیں نیوزی لینڈ کی ٹیم کا جانا بھول کرآگے بڑھنا چاہیے، وہ پاکستان کی ایجنسیوں سے زیادہ سمجھ دار لوگ نہیں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت چاہتاہے کہ افغانستان کی طرح پاکستان کو بھی رکھا جائے، بھارت پاکستان کے امیج کو شدید نقصان پہنچانا چاہتا ہے، دشمن کی پوری کوشش ہے کسی بھی طرح پاکستان کونقصان ہو۔ افغانستان میں 22 دن ہوئے نیا اقتدار آیا ہے، دنیا افغانستان کے حالات فوری تبدیل ہوتے دیکھنا چاہتی ہے، بھارت چاہتا ہے پاکستان اور افغانستان کا ایک جیسا امیج ہوجائے، طالبان دنیا کے ایجنڈے پر پورا اترتے ہیں توافغانستان ترقی کرے گا۔