انٹر بورڈ میں نوکریوں کا جعلی اشتہار دینے والے ملزمان گرفتار

221

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے بتایا ہے کہ انٹربورڈ میں تقرر کے حوالے سے چھپنے والے جعلی اشتہار اور جعلی تقرر ناموں کا معاملہ حل ہوگیا، ملزمان پولیس کی حراست میں ہیں جبکہ انٹر بورڈ نے جعل سازی میں ملوث ملازم کو معطل کرتے ہوئے تحقیقات کیلیے بورڈ افسران پر مشتمل 3 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی، جلد رپورٹ پیش کرے گی۔ چیئرمین انٹربورڈ نے معاملے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پچھلے ماہ ایک اخبار میں اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی جانب سے نوکریوں کا جعلی اشتہار دیا گیا تھا جس کی انٹربورڈ نے تردید جاری کردی تھی۔ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے نہ صرف ڈی آئی جی، ایس پی سینٹرل اور ڈی ایس پی سمیت متعلقہ تھانے کو خطوط لکھ کر معاملہ سے آگاہ کیا بلکہ اپنے طور پر بھی تحقیقات شروع کردی۔ انٹربورڈ کی تحقیقات میں ایک خاتون کا کردار سامنے آیا جو وقتاً فوقتاً انٹربورڈ آفس کا چکر لگاتی رہی تھیں اور لوگوں کو پیسوں کے عوض جعلی تقرر نامے فراہم کرنے میں ملوث تھیں، ان خاتون کی نشاندہی محکمہ پولیس کو کی اور کارروائی کی درخواست بھی کی جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ خاتون کو گرفتار کرلیا، دوران تفتیش خاتون نے بتایا کہ اس کے ساتھ اس کام میں دیگر افراد کے علاوہ انٹربورڈ کا نچلے گریڈ کا ایک ملازم بھی شامل ہے جو اسے لیٹر ہیڈ اور متن فراہم کرتا تھا،بورڈ کے ملازم کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔