بارش کے باعث عافیہ موومنٹ کا پریس کلب پر مظاہرہ ملتوی

53

کراچی (اسٹاف رپورٹر)قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی امریکی حراست سے رہائی اور وطن واپسی کے سلسلے میں کراچی پریس کلب پر ہونے والا احتجاجی مظاہرہ گلیوں اور سڑکوں پربارش وسیوریج کا پانی جمع ہونے اور عافیہ موومنٹ کے کارکنان کے بدترین ٹریفک جام کے باعث پھنس جانے کی وجہ سے عارضی طور پر ملتوی کردیا گیاہے۔ عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری اعلامیہ کے مطابق عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے شہربھرمیں بارش کے باوجود کارکنان کے کراچی پریس کلب پہنچنے کے لیے اپنے اپنے علاقوں سے نکلنے پر ان کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا اور ساتھ ہی حکومتی نااہلی پر افسوس کا اظہار بھی کیا کہ کراچی میں باران رحمت ہمیشہ اہلیان کراچی کے لیے باعث زحمت بن جاتی ہے۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے عافیہ موومنٹ کے رضاکاران اور تمام سیاسی و سماجی جماعتوں کے رہنمائوں اور کارکنان کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے مظاہرے میں شریک ہونے کی یقین دہانی کرائی تھی اور وہ آخر وقت تک عافیہ موومنٹ سیکرٹریٹ سے رابطہ میں بھی رہے۔ کراچی پریس کلب پر عافیہ موومنٹ کے رضاکاران کے علاوہ مختلف سیاسی ، دینی، سماجی اور حقوق نسواں و انسانی جماعتوں کے رہنما و کارکنان کو ایک احتجاجی مظاہرے میں شریک ہونا تھا۔