۔2012ء میں بھرتی غیر تدریسی ملازمین کو تنخواہیں دی جائیں، ایپکا

78

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) محکمہ تعلیم اسکولز کراچی کے صدر ملک خورشید احمد قادری نے کہا ہے کہ سال2012ء میں بھرتی ہونے والے کئی غیر تدریسی ملازمین تنخواہیں وصول کر رہے ہیں مگر باقی ر ہ جانے والے ملازمین کو9سال سے تنخواہوں سے محروم رکھا گیا ہے جو زیادتی کے مترادف ہے، بھرتیوں کی سزا ملازمین کو نہیں بلکہ قصور وار افسران کو دی جائے ۔یہ بات انہوں نے سال2012ء میں بھرتی غیر تدریسی ملازمین کے وفدسے ملاقات کرتے ہوئے کہی ،وفد کی قیادت اسماعیل بکک اور محمود لغاری کر رہے تھے۔وفد نے بتایا کہ بھرتی کے بعد ملازمین نے خدمات بھی سر انجام دیں مگر اب تک تنخواہوں سے محروم ہیں۔ ایپکا کے صدر ملک خورشید احمد قادری نے وزیر اعلیٰ سندھ چیف سیکرٹری سندھ اور سیکرٹری تعلیم اسکولز سے درخواست کی کہ ان غریب ملازمین کو فوری بحال کیا جائے ،پیپلز پارٹی کی حکومت عوام دوست اور غریب پرور ہے، سزا ان ملازمین کو نہ دیں بلکہ قصور وار افسروں کو سزائیں دی جائیں جنہوں نے من مانیوں اور اختیارات کا ناجائز استعمال کیا مگربیوروکریسی نے انہیں کلین چٹ دے دی اور اسکے برعکس پیپلز پارٹی کی حکومت میں غریب ملازمین در بدر ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔صدر ملک خورشید نے انکشاف کیا کہ 2012ء میں بھرتی ہونے والے کئی ملازمین تنخواہیں وصول کر رہے ہیں اس لیے انہیں بھی انسانی ہمدردی کی بنا پر ضروری کارروائی کرتے ہوئے بحال کیا جائے۔