سکھوں کا قتل عام: نیویارک عدالت کا بھارتی وزیراعظم کو نوٹس

232

نیویارک (آن لائن) امر یکی عدالت نے سکھوں کے قتل سے متعلق کیس میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو سمن جاری کردیا ہے۔ نیویارک کے سدرن ڈسٹرکٹ کورٹ کے جج جان کرونن نے نریندر مودی کو سمن جاری کیا، سکھوں کی تنظیم ’’سکھ فار جسٹس‘‘نے17 ستمبر2021 ء کو نیویارک کی عدالت میں کیس فائل کیا، جس میں وزیراعظم نریندر مودی کو فریق بنایا گیا۔عدالت نے مجسٹریٹ جج کیتھرین پارکر کو کیس کا انچارج جج نامزد کر دیا اور دونوں فریقین جج کے سامنے پیش ہو سکتے ہیں۔ یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی امریکا کا دورہ کررہے ہیں جو ان کے لیے بڑا دھچکا ہے ۔ میڈیا کے مطابق سکھوں کی تنظیم نے بھارتی وزیر اعظم کے دورہ امریکا پر احتجاج کی کال بھی دی ہے جبکہ کشمیریوں نے بھی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں نریندر مودی کے خطاب کے دوران احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا ہے۔سکھوں کی تنظیم نے الزام لگایا کہ ریاست نے پنجاب اور ہریانہ کے کسانوں پر ریاستی طاقت کا بیجا استعمال کرکے پرتشدد کارروائیاں کیں جس سے لگ بھگ 600 کسان زندگی کی بازی ہار گئے۔