امریکا کا سہ فریقی معاہدے میں بھارت کی شمولیت سے انکار

249

واشنگٹن (صباح نیوز)امریکا نے بحرالکاہل کی سیکورٹی پر اپنے نئے معاہدے میں بھارتی شمولیت کو مسترد کردیا ہے۔امریکی حکام کے مطابق صدر جو بائیڈن اور کمالہ ہیرس کی ملاقات کے دوران ہی امریکا بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق بھی بات چیت
کرے گا۔ ہند بحرالکاہل اور ایشیا میں دیگر علاقائی امور سے نمٹنے کے لیے امریکا، بھارت، آسٹریلیا اور جاپان نے4 ممالک پر مشتمل کواڈ کے نام سے ایک مشترکہ گروپ تشکیل دیا ہے۔ اس گروپ کی ورچوئل میٹنگز ہوتی رہی ہیں اور اب اس گروپ کے رہنمائوں کے درمیان واشنگٹن میں آج پہلی ملاقات ہو گی۔ جرمن ٹی وی کے مطابق چند روز قبل ہی امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا نے ہند بحرالکاہل کی سیکورٹی کے لیے ( اے یو کے یو ایس) کے نام سے ایک نیا سہ ملکی معاہدہ کیا ہے، تاہم بھارت اور جاپان کو اس سے الگ رکھا گیا ہے حتیٰ کہ فرانس کو بھی الگ رکھا ہے جس سے صدر ایمانوئل ماکروں شدیدناراض ہیں۔15 ستمبر کو امریکی صدر جو بائیڈن، برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن اور آسٹریلیا کے وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے واشنگٹن میں مشترکہ طور پر اس معاہدے کا اعلان کیا تھا۔ اس کا مقصد خطے میںنئے چیلنجز سے نمٹنا ہے۔ معاہدے کے مطابق آسٹریلیا کو پہلی بار جوہری آبدوز مہیا کی جائے گی۔ آج کواڈ کانفرنس میں شرکت کے بعد مودی واشنگٹن سے نیو یارک روانہ ہو جائیں گے، جہاں وہ کل اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔